صاف پانی ریفرنس شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کی جائیدادیں قرق کرلی گئیں

عدالت نے دیگر شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل طلب کرلیے


ویب ڈیسک September 11, 2021
عدالت نے دیگر شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل طلب کرلیے

صاف پانی ریفرنس میں شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کی جائیدادیں قرق کرلی گئیں۔

صاف پانی ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد کی جائیدادیں قرق کرلی گئیں جب کہ اس حوالے سے رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرادی گئی ہے، عدالت نے دیگر شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل طلب کرنے کے بعد کارروائی 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔

نیب تفتیشی ٹیم نے شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف اور بیٹی رابعہ عمران کی جائیداد قرقی کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ میسرز فاطیمہ ڈویلپرز میں عمران علی کے 65 لاکھ شئیرز اور رابعہ عمران 35 لاکھ شئیرز کی مالک ہیں، میسرز ایس ایم سی میں عمران علی یوسف کے 60 لاکھ مالیت کے شئیرز ہیں، حدیبیہ انجینئرنگ میں شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران کے 7 ہزار مالیت کے شئیرز شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شریف پولٹری فارم میں رابعہ عمران کے 1 ہزار مالیت کے شئیرز بھی قرق کیے گیے ہیں، مدینہ فیڈ میں عمران علی کے شئیرز کی مالیت 1 کروڑ 25 لاکھ جبکہ رابعہ عمران 50 لاکھ مالیت کے شئیرز کی مالک ہیں، میسرز پروسیڈ فوڈ میں عمران علی اور رابعہ عمران کے 25 لاکھ مالیت کے شئیرز ہیں، اس کے علاوہ علی ٹریڈ سینٹر اور علی ٹاور میں عمران علی اور رابعہ عمران متعدد دوکانوں کے مالک ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : نیب کی شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کے اثاثے ضبطی کی کارروائی

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد کے پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دیتے ہوئے جائیدادوں کو قرق کرنے کا حکم دیا تھا۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں