شام میں ترک فوجیوں پر حملے میں 3 اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی

باغیوں کیخلاف سرچ آپریشن کے لیے جانے والی ترک فوجیوں کی ٹیم پر اچانک مسلح افراد نے حملہ کردیا، وزارت دفاع


ویب ڈیسک September 11, 2021
ترک فوجی باغیوں کے کلاف سرچ آپریشن کر رہے تھے، فوٹو: فائل

شام میں داعش کے آخری ٹھکانے ادلب میں سرچ آپریشن کے دوران ترک فوجیوں پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ شام میں ترک فوجیوں پر حملہ کیا گیا ہے۔ یہ حملہ اُس وقت کیا گیا جب ترک فوجی ادلب کے ایک علاقے میں باغیوں کے خلاف سرچ آپریشن کر رہے تھے۔

وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں 3 اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

جس علاقے میں ترک فوجیوں پر حملہ کیا گیا وہ علاقہ باغیوں کا آخری ٹھکانہ ہے جن کی سرکوبی کے لیے ترک فوجیوں کی ایک ٹیم سرچ آپریشن میں مصروف تھی۔ فی الحال ہلاک اور زخمی ہونے والے ترک فوجیوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ترک فوجیں شام میں کرد باغیوں کے خلاف آپریشن کے لیے داخل ہوئی تھیں تاہم گزشتہ برس مارچ میں جنگ بندی معاہدے کے نتیجے میں اس علاقے میں شامی اور روسی افواج نگرانی کے آپریشنز کر رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔