میرپور ٹیسٹ سری لنکا نے بنگلا دیش کو ایک اننگز اور 248 رنز سے شکست دیدی

بنگلادیش کی بیٹنگ لائن پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 250 رنز بنا سکی


ویب ڈیسک January 30, 2014
سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کو ان کی شاندارکارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD: سری لنکا نے بنگلا دیش کو 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ایک اننگز اور 248 رنز سے شکست دے دی۔

میرپور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے 730 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی بیٹنگ لائن پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم میچ کے چوتھے روز 250 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ دوسری اننگ میں بنگلا دیش کی جانب سے مومن الحق نے سب سے زیادہ 50 اور الامین حسین نے 32 رنز اسکور کئے اس کے علاوہ کوئی بھی بنگلا دیشی بلے باز سری لنکن بالرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا۔ سری لنکا کی جانب سے دل روان پریرا نے تباہ کن بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

قبل ازیں سری لنکا کے کپتان انجیلا میتھیوز نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پہلی اننگز میں بھی بنگلا دیش کی پوری ٹیم 232 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی، کپتان مشفیق الرحیم نے 61 اور شکیب الحسن نے 55 رنز اسکور کئے تھے،دوسری جانب سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں مہیلا جے وردھنے کی شاندار ڈبل سنچری جب کہ کوشال سلوا اور کیتھرووان ویتھانگے کی سنچریوں کی بدولت 6 وکٹوں پر 730 رنز اسکور کئے،سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کو ان کی شاندارکارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔