فیصلہ کرلیا پاکستان اب کسی کیمپ میں نہیں جائے گا معید یوسف

’’ڈومور‘‘ کا باب ہمیشہ کے لیے بند کردیا، امریکا سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں، مشیر قومی سلامتی


ویب ڈیسک September 12, 2021
’’ڈومور‘‘ کا باب ہمیشہ کے لیے بند کردیا، امریکا سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں، مشیر قومی سلامتی (فوٹو : فائل)

SEOUL: مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ فیصلہ کرچکے اب پاکستان کسی بھی ملک کے کیمپ میں نہیں جائے گا، ''ڈومور'' کا باب ہمیشہ کے لیے بند کردیا، امریکا سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کی صورتحال پر علاقائی ممالک کو اعتماد میں لیا ہے، امریکن سی آئی اے چیف سے بھی افغانستان کے مسائل اور ممکنہ حل پر گفتگو کی گئی ہے جس میں پاکستان نے ڈومور کا چیپٹر ہمیشہ کے لیے بند کر دیا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ افغانستان میں معاشی، انسانی اور گورننس کا بحران پیدا ہو۔

معید یوسف نے کہا کہ یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ہٹلر اور مودی میں کوئی فرق نہیں، نہیں چاہتے کہ کشمیری ہمیشہ پستا رہے، فیصلہ کر لیا ہے کہ حقائق کھل کر دنیا کے سامنے رکھیں گے، پہلے کچھ چیزوں پر خاموشی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، مودی جس پٹڑی پر چڑھ چکا ہے اپنا کباڑا خود کرے گا۔

مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ پاکستان علاقائی مسائل پر عالمی برادری سے رابطے میں ہے، پہلے افغانستان کے معاملے پر ہماری بات نہیں سنی گئی لیکن اب سب سن رہے ہیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کسی کیمپ میں نہیں جائے گا ہم امریکا سمیت تمام ممالک سے تعلقات بہتر کرنا چاہتے ہیں، ہم معاشی اور تجارتی اعتبار سے سب کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی چاہتے ہیں اور چین کے ساتھ تعلقات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے 20 سال تک افغانستان میں سرمایہ کاری کی، افغانوں کے ذہنوں میں زہر بھرنے اور پاکستان میں دہشت گردی کے لیے کوششیں کی گئیں، افغانستان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق فیصلہ وقت آنے پر ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔