کنٹونمنٹ بورڈ لاہور میں تحریک انصاف کی شکست کی رپورٹ سامنے آگئی

لاہور کو ترقیاتی کاموں میں ترجیح نہ دینا شکست کی اہم وجہ قرار

لاہور کو ترقیاتی کاموں میں ترجیح نہ دینا شکست کی اہم وجہ قرار

تحریک انصاف کی لاہور کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخابی شکست کے بارے میں ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی گئی۔

رپورٹ میں لاہور میں ترقیاتی کام سے متعلق اہم سوال اٹھاتے ہوئے صوبائی دارالحکومت کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ترجیح نہ دینے کو شکست کی اہم وجہ قرار دیا گیا۔ لاہور کے حوالے سے پارٹی کے مختلف رہنماؤں کا منفی پراپیگنڈہ بھی پی ٹی آئی کی عدم مقبولیت کی وجہ بنا۔

ذرائع کے مطابق تحریک لبیک کے خلاف محاذ کھولنے کے بارے میں بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ دیہی سطح پر پی ٹی آئی کی مقبولیت بڑھی لیکن شہری حلقوں میں تاحال چیلنجز کا سامنا ہے۔

تحریک انصاف کی قیادت نے لاہور میں جعلی ووٹوں پر بھی اصرار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پچیس فیصد کے قریب جعلی ووٹ ہیں جو سابق دور حکومت میں بنے، لاہور اور شہری حلقوں میں جعلی ووٹوں کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع بھی کرچکے ہیں اور کمیشن کو اس حوالے سے خط بھی لکھ چکے ہیں ، رپورٹ میں جعلی ووٹوں کے اخراج کے لئے الیکشن کمیشن اوردیگر متعلقہ فورمزسے ریلیف لینے کی کوششوں کو تیز کرنے کی تجویز دی گئی۔


رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹکٹ کی تقسیم میں کوئی ایشو پیدا نہیں ہوا ، تاہم کچھ پارٹی رہنماؤں نےمہم میں کام نہیں کیا۔ رپورٹ میں پارٹی قیادت اورحکومتی قیادت کےدرمیان رابطے کو بہتر بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا گیا کہ پارٹی کی تنظیم کی حکومتی سطح پر شنوائی نہ ہونا بھی شکست کی وجہ ہے۔

گزشتہ انتخابات کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواران کی عدم دلچسپی کو بھی شکست کی اہم وجہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ 2018 کے انتخابات کے بعد امیدواران نے حلقے کا رخ نہیں کیا۔ رہنماؤں کی عدم دلچسپی کے باعث کارکنان تذبذب کا شکار رہے۔

دوبارہ گنتی کی درخواست دینے کا فیصلہ

علاوہ ازیں تحریک انصاف کے کم ووٹوں سے ہارنے والے امیدواروں نے دوبارہ گنتی کی درخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف نے 6 نشستیں معمولی ووٹوں سے ہارنے کا دعوی کیا ہے۔ صدر وسطی پنجاب اعجاز چوہدری نے بتایا ہے کہ کم ووٹوں والی نشستوں پر دوبارہ گنتی کی درخواست دے رہے ہیں۔

وارڈ نمبر دس لاہور کنٹونمنٹ سے امیدوار حافظ ابرار، وارڈ نمبر چار والٹن سے امیدوار چوہدری اسلم جٹ، وارڈ نمبر 8 سے ہمایوں رشید اور وارڈ نمبر پانچ والٹن سے میجر ریٹائرجاوید ضمیر نے دوبارہ گنتی کی درخواست دیدی ہے ۔ عرفان اکبر اور راجہ شہزاد بھی تھوڑے ووٹوں سے ہارے ہیں۔
Load Next Story