کراچی میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار کو ڈاکوؤں نے جمع پونجی سے محروم کردیا

پولیس اہلکار بینک سے ریٹائرمنٹ کی رقم ساڑھے18 لاکھ روپے نکال کرپیدل گھر جا رہا تھا


Staff Reporter September 13, 2021
پولیس اہلکار بینک سے ریٹائرمنٹ کی رقم ساڑھے18 لاکھ روپے نکال کرپیدل گھر جا رہا تھا۔(فوٹو:فائل)

شہر قائد میں مسلح ڈاکو دن دیہاڑے ریٹائرڈ پولیس اہلکارسے اس کی جمع پونجی لوٹ کر فرارہوگئے۔

ریٹائرڈ پولیس اہلکاربینک سے ریٹائرمنٹ کی رقم ساڑھے18 لاکھ روپے نکال کرپیدل گھر جا رہا تھا کہ مسلح ملزمان نے گھیر لیا اوراسلحہ کے زورپررقم چھین لی، پولیس کے مطابق واردات میں ملوث ملزمان نے ریٹائرڈ پولیس اہلکار کا بینک سے تعاقب شروع کیا۔

محمود آباد تھانے کےعلاقے اعظم بستی گلی نمبر 19 اور 20 کے درمیان 2 موٹر سائیکلوں پر سوار4 مسلح لٹیروں نے ریٹائرڈ پولیس اہلکاراحسن رؤف ولد عبدالروف سے اسلحہ کے زور پر ساڑھے 18 لاکھ روپے چھین لیے اور با آسانی فرار ہو گئے۔

متاثرہ پولیس اہلکار احسن رؤف نے بتایا کہ وہ مکان نمبر 1192 گلی نمبر 15 فاطمہ کالج کے قریب رہائش پذیرہے اورمحکمہ پولیس میں 25 سالہ سروس مکمل کرنے کے بعد فروری 2021 میں محکمہ پولیس سے بطور کانسٹیبل ریٹائرڈ ہوا تھا اورگزشتہ ماہ محکمہ پولیس کی جانب سے ریٹائرمنٹ کی رقم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی تھی ۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ وہ ریٹائرڈ ہونے کے بعد ڈیفنس فیز ٹو میں دوست کے ہمراہ گاڑیوں کی خرید وفروخت کا کام کرتا ہے ،پیرکودوپہر سوا بارہ سے ساڑھے 12 بجے کے درمیان انھوں نے نجی بینک سے گاڑی خریدنے کے لیے ساڑھے 18 لاکھ روپے نکلوائے اورگھرکی جانب پیدل جا رہے تھے کہ اعظم بستی گلی نمبر19 اور 20 کے درمیان واقع چوک کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر قمیض شلوار میں ملبوس 4 مسلح ملزمان اچانک آگئے، ملزمان نے انہیں گھیرلیا اوراسلحے کے زور پر ان سے ساڑھے 18 لاکھ روپے چھین لیے اور فرار ہوگئے۔

قائم مقام ایس ایچ اومحمود آباد انیس ابڑو نے بتایا کہ ریٹائرڈ پولیس اہلکار کے ساتھ واردات سوا بارہ سے ساڑھے 12 بجے کے درمیان ہوئی اور پولیس اہلکارنے تقریبا پون گھنٹا تاخیر سے مددگار 15 پر اطلاع کی، اگرپولیس اہلکار کی جانب سے بروقت اطلاع فراہم کردی جاتی تو واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکتا تھا۔

ایس ایچ اونے بتایا کہ پولیس نے نجی بینک میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج دیکھی ہےجس میں چہرے پر ماسک لگائے سفید رنگ کے کپڑوں میں ملبوس ایک ملزم کو بینک کے اندر ٹوکن لیتے اور انتظارگاہ میں بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے، ریٹائرڈ اہلکارجسے ہی چیک کیش کرانے کے بعد رقم لیکر بینک سے نکلتا ہے توسفید رنگ کے کپڑوں میں ملبوس ملزم بھی فوراً ریٹائرڈپولیس اہلکارکے پیچھے بینک سے باہرنکل جاتا ہے اوراپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر تعاقب کے بعد پولیس اہلکارکولوٹ لیتے ہیں ۔ پولیس نے شواہد اکٹھا کر لیے جلد واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں