برٹنی اسپیئرز نے مسلم نوجوان سے منگنی کرلی

برٹنی اسپیئرز اور سیم اصغری کی پہلی ملاقات 2016 میں ایک میوزک ویڈیو کے سیٹ پر ہوئی تھی

برٹنی اسپیئرز اور سیم اصغری کی پہلی ملاقات 2016 میں ایک میوزک ویڈیو کے سیٹ پر ہوئی تھی۔(فوٹو: اے ایف پی)

امریکی پاپ اسٹار برٹنی اسپیئرز نے ایرانی نژاد مسلم نوجوان سیم اصغری کے ساتھ منگنی کا اعلان کردیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق برٹنی اسپیئرز نےاپنے دیرینہ دوست سیم سے منگنی کا اعلان انسٹا گرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کیا۔ جب کہ برٹنی کے اداکار اور فٹنس ٹرینردوست اصغری نے بھی اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی،جس میں یہ دونوں بوس و کنار کر رہے ہیں اور برٹنی کی انگلی میں انگوٹھی دکھائی دے رہی ہے۔


اصغری کے مینیجر برینڈن کوہن نے پیپل میگزین سے گفتگو میں دونوں کی منگنی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جوڑے نے اپنی دیرینہ دوستی کوآج ایک خوبصورت رشتے میں بدل دیا ہے۔



برٹنی اور سیم کی پہلی ملاقات 2016 میں ایک میوزک ویڈیو Slumber Party کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ اس ویڈیو کے بعد ہی دونوں کی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔



برٹنی کی یہ میوزک ویڈیو 18 نومبر کو ریلیز ہوئی اور اس کے 1 ہفتے بعد ہی اصغری نے برٹنی کے ساتھ ڈنر کرتے ہوئے تصاویر شیئر کی تھی۔


ایرانی دارلحکومت تہران میں پیدا ہونے والے اصغری 12 سال کی عمر میں اپنے والد کے ساتھ لاس اینجلس منتقل ہو گئے جو یہاں ٹرک ڈرائیور تھے۔


دوسری جانب برٹنی اسپیئر کی مسلمان اور خود سے کم عمر نوجوان سے منگنی کی خبر پر سوشل میڈیا صارفین کا ملا جلا رجحان سامنے آرہا ہے۔


ایک ٹوئٹر استعمال کنندہ کا کہنا ہے کہ '' اس لڑکے نے برٹنی کو ڈپریشن کو شکست دینے میں مدد کی، دوبارہ زندگی کی طرف لوٹنے اور ورزش میں مدد کی اور اب وہ اس سے شادی کر رہا ہے !!''


ایک اور نے لکھا ہے ' سیم کی عمر 27 اور برٹنی کی عمر 39 ہے، اس شادی میں عمر کا فرق کوئی مسئلہ نہیں ہے!


واضح رہے کہ برٹنی اس سے قبل دوبار رشتہ ازدواج سے منسلک ہوچکی ہیں، 2004 میں انہوں نے اپنے بچپن کے دوست جیسن الیگزینڈر سے شادی کی تھی جو چند ماہ ہی چل سکی، اسی سال کے آخر میں انہوں نے ڈانسر کیون فیڈرلائن سے شادی کی جن سے ان کے 2 بچے ہیں، اس شادی کا انجام بھی 2007 میں طلاق پر ہوا۔




Load Next Story