غیر برآمدی صنعتوں کو بھی گیس فراہمی بند ہونے کا امکان

کے الیکٹرک،نوری آباد پاور کمپنی، فوجی فرٹیلائزرکو گیس فراہمی جزوی کم کی جائے گی۔


Business Reporter September 14, 2021
کے الیکٹرک،نوری آباد پاور کمپنی، فوجی فرٹیلائزرکو گیس فراہمی جزوی کم کی جائے گی ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: سوئی سدرن گیس کمپنی نے 14 سے 17 ستمبر کے دوران ایل این جی منتقل کرنے والے ایف ایس آر یو کی تبدیلی کے دوران گیس کے حصول میں کمی کا اثر سی این جی سیکٹر کے ساتھ صنعتوں، پاور پلانٹس، کے الیکٹرک اور کھاد فیکٹریوں کو بھی منتقل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

گھریلو اور تجارتی صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے، ایس ایس جی سی 14 ستمبر 2021 (پیر اور منگل کی درمیانی شب) سے چار دن کے لیے سندھ اور بلوچستان کے تمام سی این جی اسٹیشنوں کو گیس کی فراہمی معطل رکھے گی جب کہ سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی ہفتہ 18 ستمبر 2021 کو صبح 08:00 بجے بحال کردی جائے گی۔

کے الیکٹرک، سندھ نوری آباد پاور کمپنی اور فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کو گیس کی فراہمی بھی جزوی طور پر کم کی جائے گی۔ اگر اس انتظام سے بھی گیس کی کمی کو پورا کرنے میں دشواری ہوئی تو غیر برآمدی صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی بندکردی جائے گی۔

اس صورتحال سے مؤثر طریقے سے نبردآزما ہونے کے لیے ایس ایس جی سی نے مقامی ای اینڈ پی کمپنیوں سے ان چار دنوں کے دوران اپنی گیس کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی ہے اور انھیں اس سلسلے میں ضروری مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ گیس کی اس قلت کی وجہ سے کراچی کے بعض علاقوں میں کم پریشر کی شکایات کا بھی امکان ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں