الیکشن کمیشن کا اعظم سواتی کے پیسے پکڑنے کے الزامات پر ثبوت مانگنے کا فیصلہ

پیمرا سے وفاقی وزراء کے بیانات کا ریکارڈ طلب کرلیا جسے دیکھ کر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا، ذرائع الیکشن کمیشن


ویب ڈیسک September 14, 2021
اعظم سواتی نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے، فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے وزیر ریلوے اعظم سواتی کی جانب سے پیسے پکڑنے کے الزامات پر ثبوت مانگنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن ارکان اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ایوان صدر اور قائمہ کمیٹی اجلاس میں پیش آنے والے واقعات پر بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن حکام نے وفاقی وزراء کے الزامات پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، اس پر الزامات بے بنیاد اور ناقابل قبول ہیں۔ الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو بیانات پر نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن نے پیمرا سے وفاقی وزراء کے بیانات کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے، الیکشن کمیشن تمام ریکارڈ دیکھ کر مزید کارروائی کرنے کا فیصلہ کرے گا۔

واضح رہے کہ 10 ستمبر کو وزیرِ ریلوے اعظم سواتی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں الیکٹرنک ووٹنگ مشین کے معاملے پر الیکشن کمیشن پر برس پڑے تھے، انہوں نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے، آپ جہنم میں جائیں، ایسے اداروں کو آگ لگا دیں۔

بعد ازاں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے الیکشن کمیشن اپوزیشن کا ہیڈ کوارٹر بن گیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو سیاست کرنی ہے تو استعفیٰ دے کر عہدہ چھوڑیں اور الیکشن لڑیں، چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ماؤتھ پیس بن گئے ہیں ، وہ نواز شریف سے قریبی رابطے میں رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |