پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ اورایکو ٹورازم کو فروغ دینے کیلئے اقدامات شروع

ایکو ٹورازم کے تحت شہری رات کے وقت جنگل اورصحرامیں رات قیام کرسکیں گے

ایکو ٹورازم کے تحت شہری رات کے وقت جنگل اورصحرامیں رات قیام کرسکیں گے . فوٹو : فائل

پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے پروٹیکشن فورس اورایکو ٹورازم کوفروغ دینے کے لئے عملی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں، دونوں منصوبوں کے لئے خطیررقم مختص کی گئی ہے۔

سیکرٹری جنگلات وجنگلی حیات پنجاب شاہد زمان نے ایکسپریس ٹربیون سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے 6 نیشنل پارکوں سمیت پروٹیکیڈایریازمیں وائلڈلائف پروٹیکشن فورس کے قیام سے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی گئیں جبکہ ایکو ٹورازم کے لئے سالٹ رینج، جنوبی پنجاب اورمری کے علاقوں میں تیاریاں کی جارہی ہیں، ایکو ٹورازم کے تحت شہری رات کے وقت جنگل اورصحرامیں رات قیام کرسکیں گے، پنجاب وائلڈلائف کی طرف سے فورویل گاڑیاں فراہم کی جائیں گی جب کہ جنگل اورصحرا میں قیام کے لئے ہٹ بھی بنائے جارہے ہیں۔

شاہدزمان نے بتایا کہ ہم شہروں سے لوگوں کوجنگل میں لیکرجائیں گے تاکہ وہ وہاں کے ماحول میں جاکر قدرتی مناظراورجنگلی حیات کوقریب سے دیکھ سکیں، اس حوالے سے سالٹ رینج،چینجی نیشنل پارک، آڑہ بشارت ،کوٹلی ستیاں، کھیری مورت،ٹلہ جوگیاں اورلال سوہانرامیں پروٹیکشن فورس کے قیام کے حوالے سے انتطامات مکمل کرلئے گئے ہیں، ان مقامات پرایکو ٹورازم کے فروغ کے لئے سیاحتی پوائنٹ ڈویلپ کئےجائیں گے۔

حکام کے مطابق وائلڈلائف پروٹیکشن فورس کے لئے دوبلین روپے جبکہ ایکو ٹورازم کے فروغ کے لئے 22 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، وزیراعلی پنجاب ان فنڈزکی منظوری دے چکے ہیں۔


واضح رہے کہ پنجاب میں اس وقت 37وائلڈلائف سینگچوریز ، 23گیم ریزروز جبکہ 7 نیشنل پارکس قائم ہیں جہاں پائی جانے والی جنگلی حیات کے تحفظ کی ذمہ داریاں بھی محکمہ جنگلی حیات کے سپرد ہیں۔

پنجاب وائلڈلائف بورڈکے ممبربدرمنیرکہتے ہیں ایکو ٹورازم سے ملکی اورغیرملکی سیاحت کوفروغ ملےگا جب کہ پروٹیکشن فورس سے جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار کی روک تھام کویقینی بنایاجاسکے گا۔

انہوں نے کہا ہمارے پاس اس وقت سرکاری چڑیاگھروں اوربریڈنگ سنٹرزمیں سینکڑوں سرپلس جانوراورپرندے ہیں ،انہیں ہم قدرتی ماحول میں ریلیزکرناچاہتے ہیں لیکن اس سے قبل ان ایریازمیں پروٹیکشن کے اقدامات کویقینی بنایاجارہاہے، پروٹیکشن کے بغیراگرمختلف اقسام کے ہرن اورپرندے آزاد کئے توخدشہ ہے کہ وہ شکاریوں کے ہتھے چڑھ جائیں گے۔

بدرمنیرنے بتایا ایکو ٹورازم وزیراعظم عمران خان کا اہم اینی شیٹو ہے، اس سے غیرملکی سیاح اورشکاری پاکستان آئیں گے،اس سے ناصرف پاکستان کا سافٹ امیج دنیاکے سامنے مزیدابھرکرسامنے آئے گا بلکہ زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔
Load Next Story