ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 222021 191 کھلاڑیوں کے لیے کنٹریکٹس کا اعلان

ڈومیسٹک کنٹریکٹ کی پانچ مختلف کٹیگریز میں شامل کھلاڑیوں کے ماہوار وظیفے میں ایک لاکھ روپے کا اضافہ ہواہے


Sports Reporter September 15, 2021
157 میچز پر مشتمل ڈومیسٹک سیزن 15 ستمبر سے 30 مارچ تک جاری رہے گا فوٹو: فائل

پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کے لیے ملک بھر سے تعلق رکھنے والے 191 کھلاڑیوں کے لیے کنٹریکٹس کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈومیسٹک کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کے اعلان کے ساتھ ہی ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کے لیے 191 کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک کنٹریکٹس کا اعلان کردیا ہے۔ چیئرمین کے اعلان کے مطابق پی سی بی نے ڈومیسٹک کنٹریکٹ کی پانچ مختلف کٹیگریز میں شامل کھلاڑیوں کے ماہوار وظیفے میں ایک لاکھ روپے کا اضافہ کردیا ہے۔157 میچز پر مشتمل یہ سیزن 15 ستمبر سے 30 مارچ تک جاری رہے گا۔

اعلان کے مطابق اے پلس کٹیگری میں شامل 10 کھلاڑیوں کی ماہوار تنخواہ اب اڑھائی لاکھ روپے ہوگئی ہے۔ اے کٹیگری میں شامل 40 کھلاڑی اب ماہوار ایک لاکھ 85 ہزار روپے ملیں گے۔ بی کٹیگری میں شامل 40 کھلاڑی اب ایک لاکھ 75 ہزار روپے ، سی کٹیگری میں شامل 64 کھلاڑی اب 1لاکھ 65 ہزار روپے اور ڈی کٹیگری میں شامل 37 کھلاڑی اب ایک لاکھ 40 ہزار روپے ماہوار وصول کریں گے۔ لہٰذا اے پلس کٹیگری کے کرکٹرز اب سالانہ تقریباً پانچ ملین روپے تک کمائیں گے اور کٹیگری ڈی میں شامل کھلاڑی 3.75 ملین روپے کمار تک کمائیں گے۔ جن کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ کی پیشکش نہیں کی گئی ، وہ اپنی ایسوسی ایشن کے انتخاب کے لیے دستیاب رہیں گے اور وہ گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی میچ فیس ، ڈیلی الاؤنس اور انعامی رقم میں اپنا حصہ وصول کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا ہے کہ بہت ضروری ہےکہ ہم اپنے ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو اچھی تنخواہ دیں تاکہ وہ اپنے کیرئیر اور اہلخانہ کی فکر کی بجائے تمام تر توجہ اپنی مہارت اور فٹنس میں بہتری لانے پر مرکوز کریں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا فرض ہے کہ وہ ملک کے کرکٹرز کی دیکھ بھال کرے اور وہ اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس کررہے تھے۔ کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ ہمارے ڈومیسٹک نظام کو مضبوط کرے گا۔ یہ ہمارے کرکٹرز کی فلاح و بہبود سے متعلق شکوک و شبہات کو دور کرنے کا بھی باعث بنے گا۔

پی سی بی نے 191 کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کے لیے کنٹریکٹ پیش کیے ہیں، جس میں سی سی اے ٹو ڈے ٹورنامنٹس کے 20 کرکٹرز شامل ہیں۔ ان 20 کرکٹرز میں سے 11 کا تعلق بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے دور دراز علاقوں سے ہے کیونکہ پی سی بی نہ صرف ان علاقوں کے ٹیلنٹ کو آزمانے کے لیے پرعزم ہے بلکہ انہیں قومی فریم ورک میں شامل کرنے میں بھی مصروف ہے۔ ان 20 میں سے 11 کھلاڑیوں کا تعلق بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں سے ہے، جن عبدالحنان (قلعہ عبداللہ) ، آفتاب احمد (لورالائی) ، فہد حسین (جعفر آباد) ، محمد ادریس (کوئٹہ) ، محمد جاوید (پشین) ، ثناء اللہ (لورالائی) ، سید زین اللہ (پشین)، طارق جمیل (لورالائی)، حسیب الرحمن (لاہور) ، محمد عرفان جونیئر (شیخوپورہ) ، محمد طبریز (سیالکوٹ)، محمد وحید (لاہور)، محمد ابراہیم (صوابی) ، وقار احمد (لوئر دیر) اور یاسر خان (بنوں)، اسد رضا (فیصل آباد)، خزیمہ بن تنویر (کراچی) ، مشتاق احمد کلہوڑو (سکھر) اور جنید الیاس (کراچی) اور محمد شرون سراج (ساہیوال) شامل ہیں۔

عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی سے متعلق پالیسی کے تحت پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر 2020 کا ایوارڈ حاصل کرنے والے کامران غلام اور آف اسپنر ساجد خان کو بالترتیب سی اور اے کٹیگری سے ترقی دے کر اے پلس کٹیگری میں شامل کرلیا ہے۔ کامران غلام نےگزشتہ سیزن میں قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا 36 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ ا تھا۔انہوں نے گزشتہ سیزن میں 1249 رنز بنائے تھے جبکہ آف اسپنر ساجد خان ایونٹ کے سب سے کامیاب باؤلر قرار پائے تھے۔ انہوں نے 67 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں