الیکشن کمیشن نے الزامات لگانے پر فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کردیے

الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، اس پر الزامات بے بنیاد اور ناقابل قبول ہیں، الیکشن کمیشن حکام


ویب ڈیسک September 16, 2021
الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، اس پر الزامات بے بنیاد اور ناقابل قبول ہیں، الیکشن کمیشن حکام ۔(فوٹو:فائل)

الیکشن کمیشن نے وفاقی وزراء فواد چوہدری اور اعظم سواتی سے کمیشن پر لگائے گئے الزامات پر جواب طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر ریلوے اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر الزامات عائد کیے تھے جس پر الیکشن کمیشن نے دونوں وزراء سے الزامات کے ثبوت مانگتے ہوئے انہیں نوٹس جاری کردیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے :پیمرا نے الیکشن کمیشن کو وزراء کے الزامات والے ویڈیو کلپ بھجوا دیے

واضح رہے کہ 10 ستمبر کو وزیرِ ریلوے اعظم سواتی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر الیکشن کمیشن پر برس پڑے تھے، انہوں نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے، آپ جہنم میں جائیں، ایسے اداروں کو آگ لگا دیں۔

بعد ازاں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے الیکشن کمیشن اپوزیشن کا ہیڈ کوارٹر بن گیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو سیاست کرنی ہے تو استعفیٰ دے کر عہدہ چھوڑیں اور الیکشن لڑیں، چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ماؤتھ پیس بن گئے ہیں ، وہ نواز شریف سے قریبی رابطے میں رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام نے وفاقی وزراء کے الزامات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، اس پر الزامات بے بنیاد اور ناقابل قبول ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں