
ایکسپریس نیوز کے مطابق سی ویو کے قریب درخشاں ٹریفک سیکشن جنوب کے سب انسپکٹر عبدالرزاق اور کانسٹیبلز آکاش اور محسن نے کار سوار سے لوٹ مار کرنے والے 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے درخشاں پولیس کے حوالے کر دیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سب انسپکٹر عبدالرزاق، آکاش اور محسن معمول کی ڈیوٹی پر مامور تھے کہ ایک کار سوار شخص نے انہیں آکر بتایا کہ2 ڈاکو اس سے لوٹ مار کر کے موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے ہیں۔ جس پر کانسٹبیل آکاش کار سوار کے ہمراہ بیٹھ گیا جب کہ پولیس افسر اور کانسٹیبل محسن نے موٹر سائیکل پر ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کردیا اور کچھ فاصلے پر جا کر ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر گرا دیا۔
موٹر سائیکل گرتے ہی پولیس اہلکاروں نے ڈاکوؤں کو دبوچ لیا اور چھینا گیا موبائل فون اور پرس برآمد کر کے مدد گار 15 پولیس کو طلب کرلیا، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر دونوں ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے درخشاں تھانے منتقل کر دیا۔
ٹریفک پولیس افسر اور اہل کاروں کی بہادری اور فرض شناسی پر ڈی آئی جی ٹریفک اقبال دارا نے انہیں شاباش دی جب کہ آئی جی سندھ نے ڈاکوؤں کو پکڑنے والے ٹریفک پولیس کے افسر و کانسٹیبلز کے لیے تعریفی اسناد اور انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔