برطانیہ نے پاکستان کو ٹریول ریڈ لسٹ سے نکال دیا

مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، برطانوی ہائی کمشنر

مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، برطانوی ہائی کمشنر (فوٹو : فائل)

برطانیہ نے پاکستان پر عائد سفری پابندی ختم کرتے ہوئے اسے ریڈلسٹ سے نکال دیا۔

اس بات کا اعلان پاکستان میں تعینات برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پرکیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان کوریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔



برطانوی ہائی کمیشن نے اس حوالے سے سفری پابندیوں کی تفصیلات پر مبنی اپنی حکومت کا ایک لنک بھی شیئر کیا جس میں پاکستان سمیت دیگر کئی ممالک پر عائد سفری پابندی ختم کرنے سے متعلق بتایا گیا ہے۔




ریڈ لسٹ سے نکالے جانے کے بعد اب کورونا کی ویکسی نیشن کروانے والے پاکستانیوں کو برطانیہ میں قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا جب کہ اس سے قبل برطانیہ جانے والے پاکستانیوں کو 10 روز تک قرنطینہ کرنا پڑتا تھا جس کا خرچہ بھی وہ خود برداشت کرتے تھے جو پاکستانی روپے میں سوا پانچ لاکھ بنتے تھے۔

واضح رہے کہ ریڈ لسٹ میں نام شامل کیے جانے کے بعد پاکستان نے کئی مرتبہ سفارتی سطح پر اس مسئلے کو اٹھایا جب کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانس کو ٹیلی فون کرکے اس مسئلے پر توجہ مبذول کروائی۔

تمام پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے دوشنبے سے ویڈیو پیغام بھیجا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں ںے کہا کہ ابھی جو اطلاع موصول ہوئی ہے وہ انتہائی مسرت کا باعث ہے، میں تمام پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، میں ممنون ہوں کہ انہوں نے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب پاکستان تشریف لائے تو میں نے اس معاملے پر ان کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی اور انہیں اس فیصلے پر نظرثانی کرنے کا کہا اور نتیجے آپ کے سامنے ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بہت سے پاکستانی جنہوں نے ریڈ لسٹ کی وجہ سے معاشی اور ذہنی تکالیف برداشت کیں ان کے لیے یہ ایک بہت اچھی خبر ہے، مجھے خوشی ہے کہ آج ہماری کاوشیں رنگ لے آئیں اور پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کی اطلاع موصول ہوئی۔
Load Next Story