وزیراعظم نے طالبان سے مذاکرات کیلئے قائم کمیٹی کو مکمل اختیارات دے دیئے

کمیٹی آج ہی طالبان سے اپیل کرے گی کہ وہ بھی مذاکرات کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیں، حکومتی ذرائع


ویب ڈیسک January 31, 2014
حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے میڈیا کو بھی با خبر رکھا جائے گا۔ فوٹو; پی آئی ڈی

وزیراعظم نواز شریف نےطالبان سے مذاکرات کے لئے قائم 4 رکنی کمیٹی کو مکمل با اختیار قرار دیتے ہوئے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت طالبان سے مذاکرات کے لئے قائم 4 رکنی کمیٹی کے اجلاس میں طالبان سے مذاکرات کے لئےقائم کمیٹی کے دائرہ کار اور مینڈیٹ کو حتمی شکل دے دی گئی، وزیراعظم نواز شریف نے کمیٹی ممبران کو یقین دلایا کہ یہ کمیٹی حکومتی نہیں بلکہ قومی کمیٹی ہے جسے تمام جماعتوں کی حمایت حاصل ہے، کمیٹی اپنے معاملات میں مکمل با اختیار ہو گی اور اس کمیٹی کو مکمل حکومتی تعاون حاصل ہوگا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کمیٹی ممبران جس سے جب اور جہاں چاہیں گے ملاقات کر سکیں گے۔ کمیٹی کو مذہبی، سیاسی اور میڈیا ارکان سمیت فوجی افسران سے بھی تعاون لینے کی اجازت ہوگی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے میڈیا کو بھی با خبر رکھا جائے گا۔

عرفان صدیقی کو کمیٹی کا کوآرڈینیٹرمقرر کیا گیا جب کہ حکومتی ذرائع کے مطابق کمیٹی آج ہی طالبان سے اپیل کرے گی کہ وہ بھی مذاکرات کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیں تاکہ بات چیت کو آگے بڑھایا جا سکے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کمیٹی کو حکومت کی جانب سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل وزیراعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طالبان سے مذاکرات کے لئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں عرفان صدیقی، رحیم اللہ یوسف زئی، میجر جنرل ریٹائرڈ عامر اوراور سابق سفیر رستم شاہ مہمند شامل ہیں جبکہ وزیرداخلہ معاملات کو طے کرنے میں اس کمیٹی کی معاونت کریں گے اور وزیراعظم نواز شریف خود اس کمیٹی کے معاملات کا جائزہ لیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں