کھلاڑی اپنا غصہ میدان میں نکالیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتیں رمیز راجہ
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے بعد چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ کل جو ہوا اس پر ہم سب افسردہ ہیں، جو کچھ ہوا وہ پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا نہیں، ہم میں برداشت بہت ہے، ہم آگے بڑھیں گے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ تمام شائقین سے کہتا ہوں قومی کرکٹ ٹیم کے پیچھے کھڑے رہیں، اپنی ٹیم کو پیغام دیتا ہوں ڈٹ کر کھیلو اور دنیا کو بتا دو کہ ہم چیمپئن ہیں، کھلاڑی اپنا تمام غصہ میدان کے اندر نکالیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتیں، ہم اپنی کوششوں سے اس مشکل صورتحال سے باہر نکلیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے 6 دن پاکستان میں گزارنے کے بعد سیکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر یکطرفہ طور پر پاکستان کا دورہ پہلے ون ڈے میچ سے چند گھنٹے قبل منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ اس پر وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ ہم منصب جیسنڈا آرڈرن سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ٹیم کے مکمل تحفظ کی یقین دہائی کرائی تاہم وزیراعظم کی یہ کوشش بے نتیجہ ثابت ہوئی۔