کوہاٹ پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق

واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن


ویب ڈیسک September 19, 2021
جاں بحق پولیس اہلکار کی لاش قریبی اسپتال میں منتقل کردی گئی فوٹو: فائل

ڈھل بہزادی میں انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوہاٹ کے علاقے ڈھل بہزادی میں نامعلوم افراد انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، واقعے میں انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکاروں اور امدادی رضاکاروں کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، جاں بحق اہلکار کی لاش قریبی اسپتال منتقل کردی گئی، جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد میت کو لواحقین کے سپرد کردیا گیا۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے پولیس اہلکار کی شہادت پر تعزیت اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی نے پولیس کو فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیم پر فائرنگ کرنے والے ہمارے بچوں کے دشمن ہیں، واقعے کے مجرمان قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے، ایسے بزدلانہ واقعات سے پولیو ٹیموں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، صوبائی حکومت صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں بالعموم اور خیبر پختونخوا میں بالخصوص انسداد پولیو مہم میں شامل رضاکاروں اور پولیس اہلکاروں کو شر پسندوں کی جانب سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں