مفتی تقی عثمانی وفاق المدارس العربیہ کے سربراہ منتخب

مفتی تقی عثمانی کو بلامقابلہ وفاق المدارس العربیہ کا سربراہ منتخب کیا گیا


Staff Reporter September 19, 2021
مفتی تقی عثمانی معروف عالم اور جید فقیہ ہیں فوٹو: فائل

ممتازعالم دین مفتی تقی عثمانی کو وفاق المدارس العربیہ کا سربراہ منتخب کرلیا گیا ہے۔

وفاق المدارس العربیہ کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس جامعہ اشرفیہ لاہور میں منعقد ہوا جس میں جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی شریک ہوئے۔

مولانا فضل الرحمان نے وفاق المدارس کے سربراہ کے لیے مفتی تقی عثمانی کا نام تجویز کیا تو اجلاس میں شریک علمائے کرام نے ان کی حمایت کی جس کے بعد مفتی تقی عثمانی کو بلامقابلہ وفاق المدارس العربیہ کا سربراہ منتخب کرلیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے مفتی تقی عثمانی کو مبارک باد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مفتی تقی عثمانی معروف عالم اور جید فقیہ ہیں۔ ان کا شمارملک کی نامور علمی اور مذہبی شخصیات میں ہوتا ہے۔ وہ 1980 سے 1982 تک وفاقی شرعی عدالت اور 1982 سے 2002 تک عدالت عظمی پاکستان کے شریعت ایپلیٹ بینچ کے جج رہے ہیں۔ وہ بین الاقوامی اسلامی فقہ اکادمی جدہ کے نائب صدر اور دارالعلوم کراچی کے نائب مہتمم ہیں۔ اس کے علاوہ آپ 7 اسلامی بینکوں میں بحیثیت شرعی مشیر کام کر رہے ہیں اور البلاغ جریدے کے مدیر اعلی بھی ہیں۔

واضح رہے کہ مولاناعبدالرزاق سکندرکی وفات کے بعد وفاق المدارس العربیہ کے سربراہ کا عہدہ خالی تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں