وزیراعظم نے کمیٹی کو کھلا مینڈیٹ دیا ہے طالبان جہاں چاہیں مذاکرات کیلئے تیار ہیںعرفان صدیقی

طالبان اور حکومت دونوں سے کہا ہے کہ مذاکرات کے عمل کے دوران اشتعال انگیز بیانات سے گریز کیا جائے، عرفان صدیقی


ویب ڈیسک January 31, 2014
ہمذاکرات کے تمام عمل سے میڈیا کو با خبر رکھا جائے گا، عرفان صدیقی فوٹو: پی آئی ڈی

طالبان سے مذاکرات کے لئے قائم کردہ کمیٹی کے کوآرڈینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے کمیٹی کو کھلا مینڈیٹ دیا ہے اور طالبان جہاں بھی مذاکرات کرنا چاہیں ہم اس کے لئے تیار ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےعرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ حکومت اور طالبان دونوں مذاکرات کے حامی ہیں اس لئے مذاکراتی کمیٹی چاہتی ہے کہ وقت ضائع کئے بغیر مذاکرات کے عمل تیزی سےآگے بڑھایا جائے، طالبان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے شوری کے اجلاس کے بعد مذاکرات کے لئے قائم کمیٹی کے نام جلد از جلد واضح کردیں تاکہ مذاکرات کا میکینزم طے کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان جہاں مذاکرات کرنا چاہیں گے ان کے لئے مناسب جگہ کا انتظام کیا جائے گا۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے کمیٹی کو کھلا مینڈیٹ دیا ہے اور کمیٹی جب اور جہاں چاہے اپنا اجلاس منعقد کر سکتی ہے، کمیٹی بغیر کسی بیرونی دباؤ کے اپنا کام کرے گی، کمیٹی اگر کسی بھی مرحلے پر محسوس کرتی ہے کہ کسی فرد کی خدمات مذاکراتی مشن کی تکمیل میں معاون ہو سکتی ہیں تو کمیٹی اس شخص سے رابطہ کر کے اس کی خدمات حاصل کر سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی تشکیل کردہ کمیٹی پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے اورمذاکرات کے حوالے سے خیبر پختون خوا حکومت مکمل آن بورڈ ہے۔

مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈینٹرکا کہنا تھا کہ طالبان اور حکومت دونوں سے کہا ہے کہ مذاکرات کے عمل کے دوران اشتعال انگیز بیانات سے گریز کیا جائے تاکہ مذاکرات کے عمل کو نقصان نہ پہنچے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ مذاکرات کے تمام عمل سے میڈیا کو با خبر رکھا جائے گا اور اگر کوئی انتہائی حساس نوعیت کا معاملہ ہے تو اسے کمیٹی باہمی مشورے کے بعد خفیہ رکھے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں