وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد چیئرمین سینیٹ نے ناراض ارکان کو منالیا

چئیرمین سینیٹ نے ناراض صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی کے تحفظات دور کرنے کےلے کمیٹی کے قیام کی یقین دہانی کرا دی


ویب ڈیسک September 19, 2021
چیئرمین سینیٹ کی یقین دہانیوں کے باعث جام کمال کو 40 سے زائد صوبائی اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہوگئی فوٹو: فائل

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام کرنے کے لیے ناراض صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی کو منا لیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام کرنے کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی بلوچستان میں سیاسی بیٹھکوں کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ سینیٹر منظور کاکڑ، سینیٹر احمد خان، سینیٹر سرفراز بگٹی بھی متحرک ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی کو منا لیا ہے۔ جس کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ساتھ 40 سے زائد صوبائی اراکین اسمبلی ساتھ کھڑے ہیں۔

چئیرمین سینیٹ نے ناراض صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی کے تحفظات دور کرنے کےلے کمیٹی کے قیام کی یقین دہانی کرا دی، کمیٹی اگلے ہفتے قائم کی جائے گی، جو سینیٹرز، ارکان قومی اسمبلی اور صوبائی وزرا پر مشتمل ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی، اپوزیشن کا دعویٰ تھا کہ تحریک عدم اعتماد میں برسراقتدار جماعت کے ارکان بھی جام کمال کے خلاف ان کا ساتھ دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں