مقبوضہ کشمیر ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارتی فوج کے 2 میجرز ہلاک

حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت میجر روہت کمار اور میجر انوج راجپوت کے ناموں سے ہوئی ہے

ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی مشق پر تھا، فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے اودھم پور میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دوران دونوں پائلٹس دم توڑ گئے۔

ترجمان بھارتی فوج نے بتایا کہ زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہونے والے پائلٹس میجر رینک کے افسران تھے جن کی شناخت میجر روہت کمار اور میجر انوج راجپوت کے نام سے ہوئی ہے۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔




ترجمان بھارتی فوج کا مزید کہنا تھا کہ آج صبح مقبوضہ کشمیر کے ضلع اودھم پور میں حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر تربیتی مشق پر مامور تھا۔ حادثہ ممکنہ طور پر دھند کی وجہ سے پیش آیا ہے تاہم حتمی بات انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ہی کہی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ایک ماہ کے دوران بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ گزشتہ ماہ رنجیت ساگر ڈیم میں گرنے والے فوجی ہیلی کاپٹر کے ایک پائلٹ کی لاش مل گئی تھی تاہم ایک لاش تاحال نہیں مل پائی ہے۔

 

 
Load Next Story