کورونا وبا میں کمی مختلف علاقوں میں عائد اضافی پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ

ملک میں نافذ عمومی پابندیوں پر نظر ثانی کے لئے 28 ستمبر کو اجلاس ہوگا، این سی او سی


ویب ڈیسک September 21, 2021
ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح کم ہوکر 4 فیصد پر آگئی ہے فوٹو: فائل

این سی او سی نے کورونا وبا میں بتدریج کمی کے رجحان کے مدنظر شدید پھیلاؤ والے اضلاع سے اضافی پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں این سی او سی کا اجلاس ہوا ، جس میں کورونا وبا کی صورت حال اور اس سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ این سی او سی نے وبا میں بتدریج کمی کے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے 22 ستمبر 2021 کے بعد سے شدید پھیلاؤ والے اضلاع (لاہور ، فیصل آباد ، ملتان ، سرگودھا ، گجرات اور بنوں) سے اضافی پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم ملک بھر کے لیے عمومی پابندیاں 30 ستمبر 21 تک نافذ رہیں گی، پابندیوں پر نظر ثانی کے لئے 28 ستمبر کو اجلاس ہوگا۔

این سی او سی کے اعلامیے میں کہا گیا یے کہ ملک میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا کے پھیلاؤ اور صحت کی دیکھ بھال کے نظام کی نگرانی کی جا رہی ہے، جب بھی بیماری کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کی ضرورت پیش آئی تو اس مناسبت سے فیصلے کیے جائیں گے۔

این سی او سی نے مزید کہا ہے کہ کورونا کے خلاف قوت مدافعت بڑھانے والی سائنو فارم ویکسین کی وافر مقدار میں موجود ہے، عوام بلا تاخیر اپنے قریبی ویکسینیشن سینٹر سے سائنو فارم ویکسین لگوا کر اپنے ویکسینیشن عمل کو مکمل کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح کم ہوکر 4 فیصد پر آگئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں