بھارت میں افغانستان سے اسمگل ہونے والی 2 ارب 70 کروڑ ڈالرکی ہیروئن ضبط

کنیٹینر میں چھپائی گئیں تین ٹن ہیروئن کو خفیہ اطلاع پر ضبط کیا، بھارتی حکام


ویب ڈیسک September 21, 2021
ہیروئن افغانستان سے براستہ ایران بھارت لائی گئی تھی، فوٹو: فائل

بھارتی ریاست گجرات کی بندرگاہ پر افغانستان سے ایران کے راستے اسمگل ہونے والی تقریبا3 ٹن ہیروئن کو ضبط کیا گیا ہے جس کی مالیت 2 ارب 70 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس نے خفیہ اطلاع پر ریاست گجرات کی بندرگاہ پر چھاپہ مارا اور کنٹینرز میں چھپائی گئی 2700 کلوگرام یعنی تقریباً تین ٹن ہیروئن برآمد کرکے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔

اسمگلنگ کی روک تھام کرنے والے بھارتی ادارے کو یہ تو اطلاع تھی کہ ایران کی بندرگاہ بندر عباس سے آنے والی اس کھیپ میں ہیروئن اسمگل کی جارہی ہے تاہم انھیں خود اندازہ نہیں تھا کہ وہ اتنی بڑی مقدار میں ہیروئن ضبط کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے جو ایک تاریخی واقعہ ہوگا۔

ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ یہ کھیپ افغانستان سے ایران کے راستے یہاں لائی گئی جسے بھارتی شہر وجے واڑا کی ایک کمپنی درآمد کر رہی تھی۔ کمپنی کے ذمے داروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بھارتی حکام نے بتایا کہ اسمگلنگ میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا، کچھ کو گرفتار کیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جاری ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ افغانستان 80 فیصد پیداوار کے ساتھ دنیا کا سب سے بڑا افیون پیدا کرنے والا ملک ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں