مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل کیا جائے ترک صدر

بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اس مسئلے کو مزید پیچیدہ کردیا ہے، طیب اردوان


ویب ڈیسک September 22, 2021
ترک صدر جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، فوٹو: اے ایف پی

صدر طیب اردوان نے جنرل اسمبلی کے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ 74 برسوں سے کشمیری حق خود ارادی کے منتظر ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں سیشن میں 193 ارکان سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ کشمیر ایک سلگتا ہوا تنازع ہے اور یہ جنوبی ایشیا میں استحکام اور امن کا ضامن بھی ہے۔

ترک صدر طیب اردوان نے دہائیوں پرانے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اس مسئلے کو مزید پیچیدہ کردیا ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ 74 برسوں سے کشمیر کے مظلوم عوام اپنے حق خود ارادی کے منتظر ہیں۔ وہ انتظار کر رہے ہیں کہ آخر کب اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہوگا۔

واضح رہے کہ ترک صدر طیب اردوان اس سے قبل بھی کئی عالمی فورم پر کشمیر کے حق میں آواز بلند کرچکے ہیں جس پر بھارت نے کشمیر کو اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ترک صدر ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کریں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں