2024

پاکستانی کرکٹ اجاڑ کر کیویز اپنے گھر پہنچ گئے

24رکنی دستے نے یو اے ای سے آکلینڈ پہنچتے ہی 14 روز کا قرنطینہ کرلیا۔


Sports Desk September 23, 2021
نیوزی لینڈ بورڈ تنقید سے نگاہیں چرانے لگا،سوشل میڈیاکاکمنٹس سیکشن بند ۔ فوٹو : فائل

پاکستانی کرکٹ اجاڑ کرکیویز اپنے گھرپہنچ گئے جب کہ نیوزی لینڈ بورڈ بھی تنقید سے نگاہیں چرانے لگا۔

پاکستان کرکٹ کو اجاڑ کر نیوزی لینڈ ٹیم دبئی سے ہوتی ہوئی اپنے وطن پہنچ گئی ہے، گزشتہ روز 24 رکنی دستہ آکلینڈ پہنچا جہاں پر حکومت کی جانب سے پہلے سے ہی مختص قرنطینہ سہولیات میں انھیں منتقل کردیا گیا، یہاں وہ 14 روز رہیں گے جس کے بعد ہی انھیں اپنے پیاروں سے ملنا نصیب ہوگا۔

کیوی ٹیم کے آکلینڈ میں لینڈ کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کھلاڑیوں کے جہاز سے باہر آنے کی ویڈیو شیئر کردی مگر کمنٹس سیکشن ہی بند کردیا تاکہ پاکستان کا ٹور ختم کیے جانے پر اٹھنے والے سوالات سے بچا جا سکے،اس سے قبل بھی ایسی پوسٹ پر مخصوص افراد کو ہی تبصروں کی اجازت دی گئی تھی۔

نیوزی لینڈ حکومت اور بورڈ کی جانب سے ٹور ختم کیے جانے پر دنیا بھر میں شدید تنقید ہورہی ہے، ان کی اس حرکت کے بعد انگلینڈ نے بھی اپنی مینز اور ویمنز ٹیموں کا پاکستان کا دورہ ختم کرنے میں دیر نہیں لگائی، جس کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے برسوں سے جاری کوششوں پر پانی پھرگیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹرز بھی بورڈ سے ٹور ختم کرنے کی وجوہات سے متعلق سوالات کررہے ہیں مگر حکومت اور بورڈ اس سیکیورٹی تھریٹ کی تفصیلات ظاہر کرنے کو بالکل بھی تیار نہیں ہے جس کی بنیاد پر پاکستان کرکٹ کو تنہا کہا گیا۔

ایک روز قبل نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا تھا کہ سیکیورٹی تھریٹ کے بعد ہمارے کھلاڑیوں کیلیے پاکستان میں وقت گزارنا دشوار ہوگیا تھا، تمام پلیئرز فوری طور پر گھر واپس جاکر اپنے پیاروں سے ملنا چاہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں