عمر شریف کی طبیعت میں بہتری پرائیویٹ وارڈ منتقل

ایئرایمبولینس آنے میں مزید ایک سے دو دن لگ سکتے ہیں، جواد عمر

ایئرایمبولینس آنے میں مزید ایک سے دو دن لگ سکتے ہیں ، جواد عمر فوٹوفائل

ISLAMABAD:
پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین و اداکار عمر شریف کے بیٹے کا کہنا ہے کہ اب ان کے والد کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔

دل کے عارضے میں مبتلا پاکستان کے سینئر اداکار عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے ایک نجی چینل سے بات کرتے ہوئے اپنے والد کی طبیعت کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروں نے والد کی طبیعت کو سنبھال رکھا ہے اور انہیں سی سی یو سے پرائیویٹ وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

جواد عمر نے مزید بتایا کہ ایئرایمبولینس آنے میں مزید ایک سے دو دن لگ سکتے ہیں۔ ایئر ایمبولینس آتے ہی والد کو علاج کے لیے امریکا روانہ کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے امریکا کا ویزا جاری ہوگیا


واضح رہے کہ دل کے عارضے میں مبتلا عمر شریف نے چند روز قبل ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے درخواست کی تھی کہ ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہے لہذا بیرون ملک علاج کے لیے ان کی مدد کی جائے کیونکہ ان کا علاج پاکستان میں نہیں بلکہ بیرون ملک میں ہی ممکن ہے۔

اس کے علاوہ عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے اپنے شوہر کے علاج کے لیے حکومت سے ایئر ایمبولینس اور ویزا وغیرہ کے انتظامات کرنے کی درخواست کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کی طبیعت انتہائی ناساز، وزیراعظم سے مدد کی اپیل

عمر شریف کی درخواست پر وفاقی اور سندھ حکومت نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے ان کے علاج کے لیے رقم جاری کرنے کا اعلان کیا تھا اور محکمہ خزانہ کی جانب سے رقم کے اجرا کے لیے باضابطہ حکم نامہ جاری کیا گیاتھا۔ اس کے علاوہ سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کا بندوبست بھی کیا ہے۔
Load Next Story