پریمیئر فٹبال لیگ اعصاب شکن مقابلے میں آرمی سرخرو

کے پی ٹی نے 2 گولز کے خسارے میں جانے پر مقابلہ برابر کیا مگر فتح ہاتھ نہ آ سکی


Sports Reporter February 01, 2014
ناکام سائیڈ نے 2گولز کے خسارے میں جانے کے بعد مقابلہ برابر کیا مگر پھر بھی فتح ہاتھ نہ آئی۔ فوٹو: فائل

دسویں پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں آرمی نے اعصاب شکن مقابلے میں کے پی ٹی کو 4-3 سے زیر کرلیا، ناکام سائیڈ نے 2گولز کے خسارے میں جانے کے بعد مقابلہ برابر کیا مگر پھر بھی فتح ہاتھ نہ آئی۔

تفصیلات کے مطابق ریلوے فٹبال اسٹیڈیم لاہور میں میچ کا آغاز انتہائی تیز رفتاری سے ہوا، پانچویں منٹ میں آرمی کے عارف نے خوبصورت گول کرتے ہوئے ٹیم کو سبقت دلادی،اس کے بعد پہلے ہاف میں دونوں جانب سے بھرپور حملوں کے باوجود مزید کوئی گول نہ ہوسکا، 58 ویں منٹ میں آرمی کے عمران نے گیندکو جال میں پہنچا کر اسکور 2-0 کر دیا، 2 گول کے خسارے میں جانے پرکے پی ٹی نے ہمت کو مجتمع کیا اور حریف سائیڈ پر جھپٹ پڑی، 62 ویں منٹ میں محمد بن یونس نے گیند کو جال میں پہنچا دیا،68 ویں منٹ میں ظفر نے خوبصورت گول کرتے ہوئے مقابلہ 2-2 سے برابر کیا، صرف ایک منٹ بعد آرمی کے عارف نے ایک بار پھر گول داغتے ہوئے اپنی ٹیم کو 3-2 سے سبقت دلا دی۔

 photo 6_zps855b8bab.jpg

72 ویں منٹ میں عثمان نے انفرادی کوشش سے گیند کو جال کی راہ دکھائی اور آرمی کی برتری ایک بار پھر ڈبل کردی، آخری 18 منٹ میں دونوں سائیڈز کی جانب سے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا، کبھی کے پی ٹی کی ٹیم حملہ آور ہوتی تو کبھی آرمی اسکواڈ حریف گول کیپر کو امتحان میں ڈالتا، اسی دوران 79 ویں منٹ میں ناکام سائیڈ کے محمد بن یونس نے انفرادی طور پر دوسرا جبکہ ٹیم کا تیسرا گول کردیا۔ برتری کو کم ہوتے دیکھ کر آرمی کے دفاعی کھلاڑی مزید چوکنے ہوگئے اور بہترین حمکمت عملی سے حریف فارورڈز کو گول کیپر تک رسائی نہ دی۔ ٹورنامنٹ میں ہفتے کو لائلپور ایف سی اور نیشنل بینک کا مقابلہ فیصل ٹائون گرائونڈ لاہور میں ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔