فلم ’لگان‘ کی معاون اداکارہ کی عامر خان سے مالی مدد کی اپیل

عامر خان کو صرف اتنا کہنا چاہتی ہوں کہ وہ مجھے اپنے دفتر میں کام دے دیں، اداکارہ پروینہ


ویب ڈیسک September 24, 2021
عامر خان کو صرف اتنا کہنا چاہتی ہوں کہ وہ مجھے اپنے دفتر میں کام دے دیں، اداکارہ پروینہ - فوٹو:فائل

بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلم 'لگان' میں معاون اداکارہ پروینہ نے اداکار عامر خان سے مالی مدد کی اپیل کردی ہے۔

ای ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے 'لگان' کی اداکارہ پروینہ نے کہا ہے کہ میری فیملی نے ہمیشہ میری مدد کی، کچھ دوست میری بہت دیکھ بھال کرتے ہیں، طبیعت کی خرابی کے باعث مالی مشکلات سے دو چار ہوں، میں کاسٹنگ ڈائریکٹر کے طور پر کام کرنا چاہتی ہوں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ فلم 'لگان' میں اپنے کو-اسٹار عامر خان سے کیا کہنا پسند کریں گی تو پروینہ نے کہا کہ مجھے کام کی ضرورت ہے اور میں درخواست کرتی ہوں کہ مجھے کام دیا جائے۔

اداکارہ نے کہا کہ عامر خان میری صحت کی خرابی کے بارے میں نہیں جانتے، اگر انہیں اس کا علم ہوتا تو وہ میری مدد کو ضرور آتے، عامر خان کو صرف اتنا کہنا چاہتی ہوں کہ وہ مجھے اپنے دفتر میں کام دے دیں۔

پروینہ نے کہا کہ 2012ء سے جوڑوں کے درد میں مبتلا ہوں جس کی وجہ سے کسی فلم میں اداکاری نہیں کرسکتی، کچھ عرصے قبل صحت بہتر ہونے پر میں نے کاسٹنگ ڈائریکٹر کے طور پر کام کرنا شروع کردیا تھا، دوبارہ اسی کام کو جاری رکھنا چاہتی ہوں، لیکن اس کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ میں خود کو سنبھالنے کے قابل ہو جاؤں۔

اداکارہ پروینہ کو گزشتہ سال برین اسٹروک (دماغ کا فالج) ہوا تھا۔ وہ اب تک مکمل صحت یاب نہیں ہوئیں مگر کاسٹنگ ڈائریکٹر کے طور پر کام کرنے کی خواہش مند ہیں۔ گزشتہ سال اداکار اکشے کمار اور سونو سود نے ان کی مالی مدد کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں