قومی اسمبلی انسداد دہشت گردی بل تحفظ آرڈیننس پر رپورٹ پیش پی ٹی آئی جے یو آئی متحدہ کے اختلافی نوٹ

الیکٹرونک ،فرانزک شہادت پرسزاکی شق ختم،90روزہ نظربندی ملزم کی 15دن بعدعدالت پیشی سے مشروط کرنے کے مطالبات


Numaindgan Express February 01, 2014
گورنراسٹیٹ بینک کواستعفے پرمجبورکیاگیا،پی ٹی آئی، نوٹ چھاپنے کے شواہد ہیں تو پیش کریں ، ن لیگ، اسد عمر نے چیلنج قبول کرلیا۔ فوٹو: فائل

SUKKUR: قومی اسمبلی میں انسداددہشت گردی ترمیمی بل، انسداددہشت گردی آرڈیننس اورتحفظ پاکستان بل پرقائمہ کمیٹی کی رپورٹس پیش کردی گئیں جن میں تحریک انصاف ، ایم کیو ایم اورجے یوآئی کے ارکان کے اختلافی نوٹ بھی شامل ہیں ، جمعے کو قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین راناشمیم احمدخان نے رپورٹس ایوان میں پیش کیں۔

تحریک انصاف اورجے یوآئی کے ارکان نے انسداددہشت گردی بل اورآرڈیننس پراپنے اختلافی نوٹس میں کہاہے کہ کسی فردکیخلاف پیشگی کارروائی کو معقول شکایت یامعقول شک کی مکمل وضاحت سے مشروط کیاجائے ، الیکٹرونک یافرانزک شہادت کی بنیادپرسزاکی شق کو ختم کیاجائے ،90 روز کی نظربندی کو ملزم کی ہر15دن بعدعدالت کے سامنے پیشی سے مشروط کیاجائے ، نذرآتش کے بجائے ''املاک تباہ ہونے کی معقول تشویش ''ہونی چاہیے۔ ایم کیوایم نے بھی نظربندافرادکے15 دن بعدطبی معائنے اورسیشن جج کے روبرو پیش کرنے کو نظرانداز کرنے پربل کی مخالفت کی ہے۔جے یوآئی (ف) کی رکن نعیمہ کشورنے تحفظ پاکستان آرڈیننس پراختلافی نوٹ میں لکھاہے کہ اس قانون سے ملک سیکیورٹی اسٹیٹ بن جائیگا اورمارشل لاء کی راہ ہموارہوگی۔

 photo 12_zps683ae80e.jpg

پی ٹی آئی کے ارکان نے گورنر اسٹیٹ بینک کے استعفے کو معیشت کیلیے خطرے کی گھنٹی قرار دیتے ہوئے حکومت پرالزام عائدکیاکہ انھیں استعفیٰ پرمجبور کیا گیا۔ ڈاکٹرعارف علوی نے نکتہ اعتراض پرکہاکہ حکومت وضاحت کرے کہ گورنراسٹیٹ بینک نے کن وجوہات کی بناپراستعفیٰ دیا، ہماری معلومات کے مطابق انہیں مالیاتی نگرانی سے روکاجارہاتھا۔ شفقت محمودنے کہاکہ استعفیٰ جبری لگتاہے۔ پی سی بی کے چیئرمین کو بھی ہٹانے کی باتیں گردش کررہی ہیں، بتایاجائے کہ اسحاق ڈارگورنراسٹیٹ بینک کو دھمکیاں دے رہے تھے یانوٹ چھاپنے کادبائو تھا، مسلم لیگ (ن) کے رکن میاں عبدالمنان نے کہاکہ اداروں کے سربراہوں کے حوالے سے کسی کو تحفظات ہیں تو آزادعدلیہ سے رجوع کرے ، اگرپی ٹی آئی کے پاس نوٹ چھاپنے کے شواہدہیں تو ایوان میں پیش کرے۔

اسد عمر نے حکومتی رکن کاچیلنج قبول کرتے ہوئے پیرکو ثبوت پیش کرنے کااعلان کیا اور کہا کہ نیپرااورسیکیورٹی ایکسچینج کمیشن چیئرمین کے بغیرکام کررہے ہیں ، اسٹاک مارکیٹ میں شدیدبے قاعدگیاں ہورہی ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر3 ارب ڈالررہ گئے ہیں، ان میں بینکوں کی رقم بھی شامل ہے ورنہ ذخائرصفرہیں، ن لیگ کی ماروی میمن نے کہاکہ سندھ ثقافتی شو کامقام موئنجوداڑو سے تبدیل کیا جائے کیونکہ اس سے آثارقدیمہ کو خطرہ ہے ۔ موئنجو داڑو سے رکن نذیراحمدبوگھیو نے بتایاکہ اسٹیج لکڑی سے بنایاگیاہے ، آثارقدیمہ کو خطرہ نہیں ہوگا، وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیرسرحدی امور عبدالقادربلوچ نے کہاہے کہ خضدارمیں اجتماعی قبروں کے معاملے کی بلوچستان ہائیکورٹ کے جج کی زیرنگرانی تحقیقات کرائی جائے گی۔ سوالات کرنیوالے اکثرارکان کے غائب ہونے کی وجہ سے وقفہ سوالات منٹوں میں ہی ختم ہوگیا۔ بعدازاں اجلاس پیرکی شام 5 بجے تک ملتوی کردیاگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں