شاہین نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دھاک بٹھا دی

2020 سے اب تک کامیاب ترین بولرز کی فہرست میں شاہین دوسرے نمبر پر آگئے

2020 سے اب تک کامیاب ترین بولرز کی فہرست میں شاہین دوسرے نمبر پر آگئے . فوٹو : فائل

شاہین شاہ آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دھاک بٹھا دی۔

شاہین شاہ آفریدی کا کیریئر مسلسل عروج کی جانب گامزن ہے،تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کا لازمی حصہ بننے والے پیسر نے گذشتہ روز سدرن پنجاب کیخلاف میچ میں دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے 34رنز دے کر 3وکٹیں اڑائیں، 2020 اور رواں سال مجموعی طور پر انھوں نے84شکار کرلیے ہیں،اس عرصے میں افغان اسپنر راشد خان نے 106وکٹیں اڑائیں، دیگرکامیاب ترین بولرز میں پاکستان کے حارث رؤف بھی 84 وکٹیں لے چکے ہیں۔


بنگلا دیشی مستفیض الرحمان نے 79 اورپاکستانی وہاب ریاض نے 67بیٹرز کو پویلین بھیجا ہے،سدرن پنجاب کیخلاف میچ میں ہی خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے 64رنزکی اننگز کھیلی،رواں سال انھوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے رنز کی تعداد 1381کرلی ہے، یوں ابھی تک وہ تمام بیٹرز سے آگے ہیں،محمد رضوان نے رواں سال مجموعی طور پر 28اننگز کھیلتے ہوئے 14بار 50سے زائد رنز بنائے،اس میں ایک سنچری بھی شامل ہے۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں محمد رضوان نے 43میچز کی 32اننگز میں 48.40کی اوسط سے 1065رنز بنائے ہیں، ان میں ایک سنچری اور 8ففٹیز شامل ہیں،مجموعی طور پر 150ٹی ٹوئنٹی میچز میں رضوان نے 39.19کی اوسط سے 3410رنز اسکور کیے،ان میں ایک سنچری اور 24ففٹیز شامل ہیں۔
Load Next Story