ویکسین نہ لگوانے والوں کو نہیں پکڑا جائےکراچی پولیس چیف

جوڈیشل مجسٹریٹ کا کورونا ویکسین نہ لگوانے پر گرفتار شہریوں کو فوری رہا کرنے کا حکم


Staff Reporter September 26, 2021
جوڈیشل مجسٹریٹ کا کورونا ویکسین نہ لگوانے پر گرفتار شہریوں کو فوری رہا کرنے کا حکم۔فوٹو: فائل

کراچی پولیس چیف عمران یعقوب منہاس نے پولیس کو کورونا ویکسین نہ لگوانے والے راہگیروں کو پکڑنے اور مقدمات درج کرنے سے منع کردیا۔

ترجمان کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے اسٹنٹ کمشنر کی موجودگی میں پولیس ویکسین کارڈ چیک کرسکتی ہے، اس کے علاوہ پولیس کو سختی سے منع کردیا وہ کسی بھی راہگیر کو تنگ نہیں کریں، شکایت موصول ہورہی تھی کہ پولیس راہ چلتے شہریوں کو ویکسین کارڈ نہ ہونے پر گرفتار کر رہی ہے جو کہ سراسر غلط تھا پولیس کورونا کی ایس او پی پر عمل درآمد کر سکتی ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ریسٹورنٹس اور کھانے پینے کے دیگر عوامی مقامات پر موجود شہریوں کے کورونا ویکسینیشن کارڈز چیک کیے جائیں گے لہٰذا عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ریسٹورنٹ ، ہوٹل، شادی ہال اور دیگر عوامی مقامات پر جاتے ہوئے اپنا کورونا ویکسینیشن کارڈ ضرور اپنے ہمراہ رکھیں۔

دریں اثنا مقامی عدالت نے کورونا ویکسین نہ لگانے پر گرفتار شہریوں کو فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کے روبرو کورونا ویکسین نہ لگانے پر گرفتاری کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ٹیپو سلطان پولیس نے 3 گرفتار شہریوں کو عدالت میں پیش کیا۔ گرفتار شہریوں میں عبدالواحد اور حکیم و دیگر شامل ہیں۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 63 کے تحت مقدمہ خارج کردیا۔ عدالت نے تینوں شہریوں کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ پولیس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں