تاجر نمائندوں اور ایف بی آر حکام کے درمیان مذاکرات کامیاب

ایف بی آر کی جانب سے تحفظات دور کئے جانے کے بعد تاجروں نے اپنا احتجاجی پروگرام موخر کردیا


ویب ڈیسک September 26, 2021
ایف بی آر کی جانب سے تحفظات دور کئے جانے کے بعد تاجروں نے اپنا احتجاجی پروگرام موخر کردیا

اسلام آباد میں تاجر نمائندوں اور ایف بی آر حکام کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

ایف بی آر کی جانب سے پوائنٹ آف سیل، سیل ٹیکس اور ٹیکس ترمیمی آرڈیننس پر تحفظات دور کئے جانے کے بعد تاجروں نے اپنا احتجاجی پروگرام موخر کردیا۔ وی او ایف بی آر میں مذاکرات کے بعد ممبر ایف بی آر قیصر اقبال نے تاجر رہنماؤں کاشف چوہدری اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیلز ٹیکس سے متعلق نئے ترمیمی بل پرتمام تر وضاحتوں کے باوجود ابہام اور غلط فہمیاں پھیلائی جارہی تھی، چھوٹے تاجروں کے بجائے ٹیکس نیٹ میں رجسٹریشن نہ کرانے والوں پر بل کا اطلاق ہوگا، سیلز ٹیکس چھوٹے تاجروں کا مسئلہ ہی نہیں ہے، ایف بی آر گھروں میں بیٹھ کر پیسہ کمانے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لائے گا۔

کاشف چوہدری نے کہا کہ ملک بھر میں ایف بی آر افسران کو تاجروں کے ساتھ مل بیٹھ کر تحفظات دور کرنے کی ہدایت کریں گے، اس کے علاوہ پوائنٹ آف سیل، سیلز ٹیکس اور ٹیکس ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے تحفظات دور کر دیے گئے ہیں، چھوٹے تاجر پر پوائنٹ آف سیل کا اطلاق نہیں ہوگا جب کہ بجلی کے بل سے چھوٹے تاجروں پر اضافی ٹیکس بھی نہیں لگے، تحفظات دور ہونے پر27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاجی پروگرام موخر کرتے ہیں۔

تاجر رہنماخواجہ سلمان صدیقی نے کہا کہ ایف بی آر کی یقین دہانیوں سے مطمئن ہیں لہذا احتجاج کی کال واپس لے لی ہے۔ توقع ہے کہ حکومت اور ایف بی آر تاجروں کے مسائل حل کرنے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں