برطانیہ میں شہباز شریف کی بریت سے پاکستان میں مقدمات بھی جھوٹے ثابت ہوئے ن لیگ

حکومت کے منی لانڈرنگ کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے، ن لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس


ویب ڈیسک September 28, 2021
حکومت کے منی لانڈرنگ کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے، ن لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں شہباز شریف کی بریت سے پاکستان میں مقدمات بھی جھوٹے ثابت ہوئے۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں لیگی رہنماؤں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، رانا ثناءاللہ اور مریم اورنگزیب نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب برطانوی عدالت نے شہباز شریف کے حق میں فیصلہ دے دیا تو اب حکومتی وزراء کہہ رہے ہیں کہ ہم نے تو کوئی کیس ہی نہیں کیا تھا اور ہم نے کوئی پیچھا نہیں کیا، حکومت مسلسل جھوٹ بول رہی ہے، حکومت نے دسمبر 2019 میں برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کو خط لکھا کہ شہباز شریف اور انکی فیملی نے منی لانڈرنگ کی ہے، برطانیہ نے پاکستان کی درخواست پر تفتیش کا فیصلہ کیا، 20 ماہ تک متحدہ عرب امارات، پاکستان اور انگلینڈ میں تفتیش کی گئی، نیشنل کرائم ایجنسی نے اپنی تفتیش مکمل کرنے کے بعد حکومت کو بتا دیا کہ کوئی جرم نہیں ہوا تھا، لیکن اب حکومت جھوٹ بول رہی ہے کہ ہم نے کسی تفتیش کا نہیں کہا تھا، کیونکہ اس کے منی لانڈرنگ کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے۔

شاہد خاقان نے کہا کہ آج ہمارے ملک کی بے عزتی ہوئی ہے کیونکہ ملک کا وزیراعظم ملک کی بے عزتی کا سبب بن گیا ہے، حکومت کی سطح پر جھوٹے الزامات دوسرے ممالک کو دیے گئے جو جھوٹے ثابت ہوئے، پاکستان میں بھی جو مقدمات ہیں وہ منی لانڈرنگ کے الزام پر قائم کیے گئے ہیں، اب انگلینڈ کی ایجنسی نے تمام تفتیش کے بعد اس کو کلیئر کر دیا ہے، تو ان سب مقدمات کی کیا حیثیت رہ گئی ہے؟ ، نیب افسران انگلینڈ جاکر حکومت پاکستان کے نام پر جھوٹ بولتے رہے، یہ لوگ پاکستان کا نام بدنام کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی عدالت نے شہباز شریف اور ان کے خاندان کو منی لانڈرنگ الزامات سے بری کردیا

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت خود بھی جعلی ہے اور جھوٹی خبریں بھی بناتی ہے، مشیر احتساب نے کہا کہ یہ تو شہباز شریف نہیں بلکہ سلمان شہباز کے کیس کا فیصلہ ہے، مشیر احتساب آج پھر جھوٹ بول رہے ہیں، ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم شہباز شریف فیملی کے خلاف نام نہاد ثبوت انگلستان لیکر گئے تھے ، یہ تمام الزامات جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے، اگر منی لانڈرنگ کا شبہ بھی ہوتا تو برطانیہ کے قوانین انتہائی سخت ہیں لیکن انھوں نے کلین چٹ دے دی ہے، شہباز شریف اور انکی فیملی سرخرو ہوگئی، جھوٹے الزامات سے پاکستان کی بدنامی ہورہی ہے، جب ملک کا وزیراعظم کہے کہ پاکستان سے منی لانڈرنگ ہوتی ہے تو اس سے ملک کی بدنامی بڑھ گئی ہے۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ وزرا کہا کرتے تھے کہ منی لانڈرنگ کا کیس بہت مضبوط ہے، اب سب سے مضبوط کیس کا جو حشر ہوا ہے وہ سب کے سامنے ہے، برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے بڑی تفصیل کے ساتھ 20 ماہ تک انکوائری کی اور اور منی لانڈرنگ میں کلیئر کر دیا، اب حکومتی وزراء اپنا سر پیٹ رہے ہیں اور پھر جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں، یہ جعلی انتقام کا سلسلہ اپنے انجام کو پہنچ گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں