ناکام کرکٹرز کو اعتماد کی بحالی کا دوسرا موقع مل گیا

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے مقابلوں کاآج دوبارہ آغاز ہوگا،بیٹسمین پہلے سے بہتر پچزکی امید لیے میدان میں اتریں گے۔


Sports Reporter September 29, 2021
صاحبزادہ فرحان دوسرے، بابر تیسرے نمبرپرموجود،بولرز میں شاہین شاہ آفریدی سب سے آگے۔ فوٹو : پی سی بی

ناکام کرکٹرز کو اعتماد کی بحالی کا دوسرا موقع مل گیا جب کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے مقابلوں کا آج دوبارہ آغاز ہوگا۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے پاکستان میں میچز کھیلنے سے انکار کے بعد ورلڈکپ کی تیاری کیلیے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ انتہائی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ ملکی کنڈیشنز میگا ایونٹ کے میزبان یواے ای سے ملتی جلتی ہونے کی وجہ سے قومی اسکواڈ میں شامل کرکٹرز کو فارم اور فٹنس ثابت کرنے کا یہی موقع ملا ہے۔

اب تک ایونٹ میں بیٹسمینوں کو کھل کر صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع نہیں مل سکا،زیادہ تر میچز میں بڑے اسکور دیکھنے میں نہیں آئے،پچز کے معیار پر کرکٹرز کے تحفظات سامنے آئے تو دوسری جانب پی سی بی حکام نے بھی اظہار برہمی بھی کیا ہے،اب2دن کے وقفے سے راولپنڈی میں میچز کا دوبارہ آغاز ہورہا ہے۔

ذرائع کے مطابق میسر وقت میں پچز کو بیٹنگ کیلیے سازگار بنانے کی ہر ممکن کوشش ہوئی ہے۔اب تک سندھ دونوں میچز میں فتوحات کے ساتھ سرفہرست ہے،سینٹرل پنجاب اور دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا نے 3،3مقابلوں میں 2،2جیت کر 4،4پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

ناردرن نے 2اور بلوچستان نے 3میں سے ایک ایک میچ میں برتری ثابت کی،سدرن پنجاب کو تینوں میچز میں شکست ہوئی،بیٹسمینوں میں محمد رضوان نے سب سے زیادہ 135رنز بنائے،صاحبزادہ فرحان119، بابر اعظم 110، عبدل بنگلزئی 101اور محمد اخلاق100رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔

سب سے بڑی اننگز خرم منظور نے کھیلتے ہوئے 84رنز بنائے تھے، ٹاپ 5بولرز میں شاہین شاہ آفریدی 8وکٹوں کے ساتھ سر فہرست ہیں،وہاب ریاض اور عمران خان 6،6، یاسر شاہ 5اور حارث رؤف 4شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، بہترین انفرادی بولنگ عثمان قادر کی رہی، لیگ اسپنر نے 25رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا،عمران خان نے بھی اننگز میں 4شکار کیے مگر 28رنز دیے تھے۔

ٹاپ پرفارمرز نے ورلڈکپ کے امیدواروں پر دباؤ بڑھا دیا ہے، ان میں سے بیشتر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے میں کامیاب نہیں ہوئے،اگلے میچز کئی منتخب کرکٹرز کیلیے اعتماد کی بحالی کا موقع ہوں گے۔

آج سندھ کا میچ بلوچستان سے ہوگا،کپتان سرفراز احمد اچھی فارم میں نظر آئے ہیں،ان کی ٹیم میں شان مسعود تاحال توقعات پر پورا نہیں اترے،جارح مزاج شرجیل خان اور خرم منظور بڑی اننگز کھیل سکتے ہیں،آل راؤنڈر انور علی بیٹ سے میچ وننگ اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے ہیں،شاہنواز دھانی، محمد حسنین اور رومان رئیس پر مشتمل اچھی پیس بیٹری بھی موجود ہے۔

بلوچستان کے کپتان امام الحق کی کارکردگی میں تسلسل نہیں،ساتھی اوپنر عبدل بنگلزئی اچھی فارم میں ہیں،بسم اللہ خان بھی بڑی اننگز نہیں کھیل پائے،تجربہ کار حارث سہیل امیدوں کا مرکز ہوں گے،پیسرز میں جنید خان،عمید آصف اور خرم شہزاد کی خدمات حاصل ہیں،یاسر شاہ پنڈی کی کنڈیشنز میں اچھی بولنگ کررہے ہیں۔

دوسرے میچ میں ناردرن کا سامنا سدرن پنجاب سے ہوگا،شاداب خان مسلسل آؤٹ آف فارم ہیں تو ان کی ٹیم میں بڑے نام بھی کارکردگی نہیں دکھا پا رہے،ٹاپ آرڈر میں حیدر علی اور مڈل میں آصف علی ایک، ایک اچھی اننگز کھیل پائے، عماد وسیم اور روحیل نذیر اس بار صلاحیتوں سے انصاف کرنے کی کوشش کریں گے،سہیل تنویر اور حارث رؤف کو بہتر کارکردگی پیش کرنے کی فکر ہوگی۔

سدرن پنجاب کے کپتان صہیب مقصود کی ناکامیوں کا ٹیم پر بہت بْرا اثر پڑا ہے،خوشدل شاہ اور اعظم خان بھی مسلسل فلاپ ہیں،ذیشان اشرف اور عامر یامین کشمیر لیگ کی کارکردگی نہیں دہرا پائے،نسیم شاہ کا ساتھ دینے والے پیسرز ضیا الحق اور محمد الیاس بھی کمزور کڑی ثابت ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں