کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بجلی کے کھمبے اور درخت گرگئے

30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے دوران سمندر میں طغیانی ہوسکتی ہے، ماہی گیر اس دوران سمندر میں جانے سے گریز کریں، محکمہ موسمیات

بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں ڈیپریشن کے طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان

بحیرہ عرب میں ممکنہ طوفان کے زیر اثر کراچی میں تیز ہوائیں چلنے لگیں اور بارش شروع ہوگئی۔

تیز ہواؤں کے باعث فیریر ہال کے قریب بجلی کا پول گاڑی پر گرگیا جس کے باعث اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی اور گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ کچھ ہی فاصلے پر ایک درخت بھی تیز ہواؤں کے باعث اکھڑ گیا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ گلستان جوہر میں بھی 3 کھمبے گرگئے جس سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

رات گئے بھی شہر میں تیز ہوائیں چلیں اور بجلی چمکی جبکہ مضافاتی علاقوں پورٹ قاسم اور اطراف میں بارش بھی ہوئی۔ گزشتہ شب ٹھٹھہ اور اس کے قرب و جوار میں موسلا دھار بارش بھی ہوئی۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن بن گیا ہے اور آج شام تک یہ سرگرمی ڈیپ ڈپریشن کی شکل اختیار کرسکتی ہے۔ سسٹم کے زیراثرکراچی اور دیہی سندھ کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں، جب کہ کراچی میں اربن فلڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔


محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سائیکلونک اسٹارم گلاب کا باقی ماندہ حصہ واضح ہوا کے کم دباؤ کی صورت میں بھارتی گجرات کے جنوب میں موجود ہے، اس کا رخ شمال مغرب کی جانب ہے، آج سسٹم شمال مشرقی بحیرہ عرب پہنچ کرشدت اختیار کرسکتا ہے۔ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں مناسب موسمی صورتحال ملنے پر ڈیپریشن بن کر 24 گھنٹوں میں سائیکلونک اسٹارم بن سکتا ہے۔ ڈپریشن طوفان میں بدلا تو اس کا نام شاہین ہوگا۔

اس کے زیر اثر کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین میں 30 ستمبر سے 2 اکتوبر کے دوران وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے، جب کہ اس دوران میرپور خاص، تھر پارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ اور سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔ اس دوران تیز ہوائیں اور گرج چمک کہیں تیز اور کہیں شدید اور کہیں کہیں موسلادھار بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔

الرٹ کے مطابق 30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے دوران سمندر میں طغیانی اور کبھی انتہائی طغیانی رہ سکتی ہے، ماہی گیر 30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے دوران سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

طوفانی بارشیں کراچی میں اربن فلڈنگ کا سبب بن سکتی ہیں، بدین، ٹھٹہ، حیدرآباد، دادو میں بھی سسٹم کے تحت اربن فلڈنگ کا خطرہ رہےگا۔ آندھی کے باعث کمزور عمارتوں کو نقصان پہچنے کا خطرہ رہے گا، تمام ادارے الرٹ رہیں۔
Load Next Story