صوبائی مشیر کی6بھینسیں برآمد کرنے کے لیے13تھانوں کی پولیس کا چھاپہ

4 ڈی ایس پیزکی قیادت میں4 بسوں، 2 بکتر بند گاڑیوں،10موبائلوں کی گوٹھ محمد بخش ملاح میں کارروائی ،گھروں کی تلاشی

4افراد زیر حراست، مطلوبہ مویشی نہ ملنے پر پولیس دیہاتیوں کی4 موٹر سائیکلیں اور6 دوسری بھینسیں لے گئی

کوٹری کارو کھو کے مقام پر حیدرآباد، جامشورو کے 13 تھانوں کی پولیس کا صوبائی معاون خصوصی کی مسروقہ بھینسیں برآمد کرنے کیلیے چھاپہ، مطلوبہ بھینسیں نہ ملنے پر دوسرے کی بھینسوں کو ہمراہ لے گئی۔

تفصیلات کے مطابق حیدرآباد، جامشورو کوٹری کے 13 تھانوں کے پولیس اور4 ڈی ایس پیز پر مشتمل ٹیم نے4 پولیس بسوں، 2 بکتر بند گاڑیوں،10موبائلوں سمیت کوٹری کاروکھو کے گوٹھ محمد بخش ملاح میں چھاپہ مارا اور گھروں کی تلاشی لی۔ عینی شاہدین کے مطابق ایسا لگ رہا تھا کہ کسی اہم دہشتگرد کی گرفتاری کیلیے چھاپہ مارا گیا ہے لیکن تفصیلات معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی کی6 بھینسیں چوری ہو گئی ہیں۔




جن کی برآمدگی کیلیے یہاں کارروائی کی جارہی ہے۔ پولیس مختلف گھروں کی تلاشی کے بعد4 افراد محمد بچل ملاح، منظور ملاح، غلام محمد ملاح، عرس ملاح کو گرفتار کرتے ہوئے4 موٹر سائیکلیں اور6 دوسری بھینسوں کو بھی ہمراہ لے گئی ۔ گوٹھ کے مکینوں نے بتایا کہ پولیس نے چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے خواتین سے بد تمیزی بھی کی۔ فشر فوک فورم جامشورو کے صدر محمد خان نے بتایا کہ پولیس نے مطلوبہ افراد کے بجائے گوٹھ کے غریب افراد کو گرفتار کیا اور ان کی بھینسوں کو لے گئی اور یہ کہا کہ جب تک مسروقہ بھینسوں کو واپس نہیں کرو گے تمہاری بھینسیں بھی واپس نہیں ملیں گی۔ محمد خان نے بھائی محمد بچل ملاح کی گرفتاری کیخلاف احتجاج کیا اور کہا کہ اگر بے گناہ افراد کو نہیں چھوڑا گیا تو ہم بھر پور احتجاج کرینگے۔
Load Next Story