بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید

8 دنوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 10 ہوگئی


ویب ڈیسک October 01, 2021
نوجوان کو ضلع شوپیاں میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا، 8 دنوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ایک مکان پر اندھا دھند فائرنگ کرکے نوجوان کو شہید کردیا۔ شہید نوجوان کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔

بھارتی فوج نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے شہید نوجوان کی لاش لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔ غم زدہ والدین اپنے بیٹے کی لاش کی وصولی کے لیے فوجی چوک پوسٹوں اور تھانوں میں دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔

گزشتہ چند روز سے جارحیت پسند بھارتی فوج نے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لیے سرچ آپریشن میں تیزی کردی ہے جس کے دوران صرف 8 دنوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 10 ہوگئی جنھیں شوپیاں، بارہ مولا اور کلگام میں شہید کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 14 کشمیری نوجوان شہید ہوئے جن میں سے 5 کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا جب کہ بھارتی فوج کی مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال، آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ سے 32 افراد شدید زخمی ہوئے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں