آئی پی ایلپلیئرز کیلیے سخت ضوابط کی ہتھکڑیاں تیار

30 ہزار روپے سے زائد مالیت کا تحفہ ملنے کی اینٹی کرپشن یونٹ کو رپورٹ کرنا ہوگی


Sports Desk February 02, 2014
ای میلز اور فون نمبرز سے آگاہ کرنا لازمی، ٹیم معلومات افشا کرنے کی سختی سے ممانعت۔ فوٹو: فائل

بھارت نے آئی پی ایل پلیئرز کیلیے سخت ضوابط کی ہتھکڑیاں تیار کرلیں، 30 ہزار روپے سے زائد مالیت کا تحفہ ملنے کی بھی اینٹی کرپشن یونٹ کو رپورٹ اور تمام ای میلز اور فون نمبرز سے آگاہ کرنا ہوگا، ٹیم کے حوالے سے کسی بھی قسم کی معلومات افشا کرنے کی سختی سے ممانعت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے گذشتہ سیزن میں سامنے آنے والے فکسنگ اسکینڈل کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار انڈین پریمیئر لیگ میں شامل تمام پلیئرز کے لیے سخت ترین قواعد وضوابط تیار کیے ہیں۔ نئے پروٹوکول کے تحت تمام پلیئرز سے کہا گیاکہ وہ آئی پی ایل ، چیمپئنز لیگ اور فرنچائزز کے کسی بھی دوستانہ میچ سے 30 روز قبل اور اتنے ہی دن بعد استعمال ہونے والے فون نمبرز اور ای میل ایڈریسز سے بورڈ کے اینٹی کرپشن و سیکیورٹی یونٹ کو آگاہ کریں،اگر ان میں کوئی ردوبدل ہو تو اس سے بھی فوری طور پر آگاہ کیا جائے جو ایسا نہیں کرے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کھلاڑیوں سے یہ بھی کہا گیاکہ ایونٹ کے دوران پہلے یا بعد میں انھیں کسی کی بھی جانب سے 30 ہزار روپے سے زائد کی مالیت کا کوئی تحفہ ملے تو اس کے بارے میں بھی مکمل تفصیلات سے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کیا جائے گا۔

 photo 3_zps3759cfc0.jpg

یہ اقدامات گذشتہ سیزن میں فکسنگ میں پکڑے جانے والے شری شانتھ و اجیت چنڈیلا وغیرہ کو ملنے والے قیمتی تحائف کی وجہ سے اٹھایا گیا، وہ ٹیم کی معلومات فراہم کرکے ڈیزائنر جینز اور اسی قسم کی چیزیں بھی حاصل کیا کرتے تھے۔ آئی پی ایل سے قبل اینٹی کرپشن یونٹ کی بریفنگ میں تمام پلیئرز کی شرکت ضروری قرار دی گئی ہے، جس کے بعد انھیں ایک حلف نامے پر دستخط کرنا ہوں گے کہ وہ اینٹی کرپشن بریفنگ میں نہ صرف شریک ہوئے بلکہ کرپشن کے مضمرات کو اچھی طرح جان بھی چکے ہیں، ہر پلیئر کو اپنی فرنچائز کے ساتھ یہ معاہدہ بھی کرنا ہوگا کہ وہ ٹیم کے بارے میں کوئی بھی معلومات افشا نہیں کریں گے، نہ ہی فرنچائز کے آپریشنز، فنانس اور بزنس کے بارے میں کسی سے کوئی بات شیئرکریں گے۔ ہرفرنچائز کے ساتھ موجود انٹیگریٹی آفیسر پلیئرز پر نظر رکھے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں