یو اے ای میں ورلڈ کپ صہیب مقصود کی نشست منسوخ ہونے کا خطرہ ٹل گیا

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں مسلسل دوسری نصف سنچری سے فارم میں واپسی کااعلان،سدرن پنجاب کاپہلی فتح کیلیے انتظارختم نہ ہوسکا۔


Sports Reporter October 02, 2021
اعظم خان ایک بارپھرناکام،خوشدل بھی بڑی اننگز نہ کھیل پائے،بلوچستان نے فتح کا مشن صرف 2 وکٹ پرمکمل کرلیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

MINNEAPOLIS: یو اے ای میں ورلڈکپ کیلیے صہیب مقصودکی نشست منسوخ ہونے کا خطرہ ٹل گیا جب کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں انھوں نے مسلسل دوسری نصف سنچری بنا کر فارم میں واپسی کا اعلان کر دیا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے ابتدائی میچز میں صہیب مقصود بڑی اننگز نہ کھیل سکے، اس سے قومی ورلڈکپ اسکواڈ میں ان کی جگہ خطرے میں پڑ گئی تھی، البتہ اب انھوں نے مسلسل دوسری نصف سنچری سے خطرات ٹال دیے ہیں۔

گزشتہ روز پنڈی اسٹیڈیم میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، سدرن پنجاب کے اوپنر ذیشان اشرف(10)کو جنید خان نے حارث سہیل کا کیچ بنوا دیا، صہیب مقصود نے رنز بنانے کی ذمہ داری اٹھائی۔

دوسری جانب خرم شہزاد نے آغا سلمان کی اننگز 6رنزتک محدود کرنے کیلیے عبداللہ شفیق کا سہارا لیا، جنید خان نے محمد عمران کو کھاتہ کھولنے سے قبل ہی حارث سہیل کی مدد سے دھر لیا، 28پر 3وکٹیں گرنے کے بعد حسان خان(28)کی مزاحمت کرنے میں کامیاب ہوئے،عمید آصف نے ان کو وکٹ کیپر بسم اللہ خان کا کیچ بنوانے کے بعد اسی اوور میں صہیب مقصود(54)کو خرم شہزاد کی مدد سے چلتا کردیا،اعظم خان(2) کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا، انھیں حارث سہیل نے ایل بی ڈبلیو کیا تو ٹیم کی سنچری مکمل ہوچکی تھی۔

،کپتان عامر یامین 25رنز بناکر خرم شہزاد کی گیند پر عمید آصف کو کیچ دے بیٹھے،عمر خان12رنز پر عمید آصف اور عبداللہ شفیق کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے،جنید خان نے خوشدل شاہ کی اننگز25رنز پر تمام کرنے کیلیے عمید آصف کا سہارا لیا،نسیم شاہ 11اور دلبر حسین بغیر کھاتہ کھولے ناٹ آؤٹ رہے،سدرن پنجاب نے 9وکٹ پر 174کا مجموعہ حاصل کیا، جنید خان اور عمید آصف 3،3وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔

جواب میں بلوچستان نے انجرڈ کپتان امام الحق کی عدم دستیابی کے باوجود اچھا آغاز کیا،عبداللہ شفیق(44)عمر خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو اسکور بورڈ پر 84رنز درج تھے،عبدال بنگلزئی نے 50کی جارحانہ اننگز کھیل کر سفر مزید آسان کیا،انھیں عامر یامین نے ایل بی ڈبلیو کیا، حارث سہیل نے 47 اور سہیل اختر نے 16پر ناقابل شکست رہتے ہوئے فتح کا مشن 8بالز قبل ہی مکمل کرلیا،نئے کپتان عامر یامین بھی ناکام ٹیم کی قسمت نہیں بدل سکے۔

دوسرے میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا،سندھ کے اوپنر شان مسعود صرف ایک رن بناکر حارث رؤف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے،شرجیل خان نے جارحانہ آغاز کیا، خرم منظور(15)کو شاداب خان نے ایل بی ڈبلیو کردیا، ٹیم کی سنچری مکمل ہونے کے بعد شرجیل خان(64)محمد موسیٰ کی گیند پر حارث رؤف کو کیچ دے بیٹھے،دانش عزیز صرف ایک رن بناکر شاداب خان کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دیتے ہوئے رخصت ہوگئے،سعود شکیل(28)نے سلمان ارشاد کی گیند آصف علی کو سونپ دی،پیسر نے انور علی(13)کو محمد نواز کاکیچ بنوا دیا، سرفراز احمد(26)آخری اوور میں آؤٹ ہوئے، محمد موسٰی کی گیند محمد نواز کے ہاتھوں میں محفوظ ہوگئی،رومان رئیس13اور محمد حسنین(1)پر ناٹ آؤٹ رہے، سندھ نے 7وکٹ پر 176کا مجموعہ ترتیب دیا، سلمان ارشاد، محمد موسیٰ اور شاداب خان نے 2،2وکٹیں لیں۔

ناردرن کی جوابی اننگز میں سرمد حمید صرف 9رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی گیند رومان رئیس کے سپرد کر بیٹھے،گذشتہ میچ کے ہیرو حیدر علی اس بار 11رنز تک محدود رہے،شاہنواز دھانی نے ان کو سرفراز احمد کا کیچ بنوا دیا، ناصر نواز(27) کو دانش عزیز نے محمد حسنین کی معاونت سے دھرلیا، ناردرن نے 7.3 اوورز میں 3وکٹ پر 62رنز بنائے تھے کہ بارش کے سبب کھیل روکنا پڑا، حالات سازگار نہ ہونے پر میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ پر کرتے ہوئے سندھ کو 3رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں