سینٹرل کنٹریکٹ سے ’سی‘ کیٹیگری کرکٹرز کے وارے نیارے

ٹیسٹ میں تقریباً 2لاکھ روپے زائد7 لاکھ 62 ہزار300 روپے میچ فیس،ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں ڈیڑھ لاکھ کااضافہ


سلیم خالق October 02, 2021
بی، سی اور ایمرجنگ بھی فائدے میں رہے،ون ڈے میچ فیس4 لاکھ 68ہزار815،ٹی ٹوئنٹی فیس3لاکھ 38ہزار250روپے۔ فوٹو: فائل

سینٹرل کنٹریکٹ سے سی کیٹیگری کرکٹرز کے وارے نیارے ہو گئے، انھیں ٹیسٹ میچ میں تقریباً 2لاکھ روپے زائد 7 لاکھ 62 ہزار300 روپے میچ فیس ملے گی جب کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی فیس میں بھی ڈیڑھ لاکھ روپے کا اضافہ ہوا۔

پی سی بی نے جولائی میں سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا تھا، اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی میچ فیس میں کوئی اضافہ نہیں ہوا البتہ دیگر کیٹیگریز کی رقم بڑھا کر سب کا معاوضہ یکساں کر دیا گیا تھا،اے میں شامل بعض سینئر کھلاڑیوں نے اس حوالے سے پی سی بی کے ساتھ بات بھی کی مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا تھا، اب اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بابراعظم، حسن علی، محمد رضوان اورشاہین شاہ آفریدی کو بھی دیگر کی طرح فی ٹیسٹ7 لاکھ 62 ہزار300 روپے بطور فیس ملیں گے،ان چاروں کی ون ڈے میچ فیس4 لاکھ 68ہزار815جبکہ ٹی ٹوئنٹی فیس3لاکھ 38 ہزار250ہے، بی، سی اور ایمرجنگ کیٹیگری کی بھی تینوں طرز میں یہی میچ فیس کر دی گئی، بی کیٹیگری کو پہلے6لاکھ65 ہزار 280 روپے فی ٹیسٹ ملا کرتے تھے، اب 97 ہزار 20 روپے زیادہ ملیں گے، ون ڈے کی پرانی فیس 3لاکھ 90ہزار33 روپے تھے جو اب78ہزار 782روپے بڑھ گئی، ٹی ٹوئنٹی میں 67ہزار 250روپے کا اضافہ ہوا، پرانی فیس 2 لاکھ70ہزار600 تھی۔

سی کیٹیگری کے حامل کرکٹرز کو ٹیسٹ میچ فیس میں 1لاکھ 94 ہزار50روپے کا بھاری اضافہ ملا، ان کی سابقہ فیس5لاکھ68ہزار260 روپے تھی۔ ون ڈے میچ فیس 1لاکھ56 ہزار272 بڑھ گئی، پہلے 3 لاکھ12 ہزار543روپے ملتے تھے، اسی طرح ٹی ٹوئنٹی فیس میں ایک لاکھ 35 ہزار300 روپے کا اضافہ ہوا، پہلے2 لاکھ2ہزار950روپے دیے جاتے تھے۔

ایمرجنگ کرکٹر کو میچ کھیلنے پر سی کیٹیگری کے برابر معاوضہ ملتا ہے۔ پلیئنگ الیون سے باہر اسکواڈ کے رکن کو 50فیصد میچ فیس ملے گی، ہوم اور اوے سیریز کے اگر کسی میچ میں کپتان شرکت نہ کرے تو بھی اسے250ڈالر ہفتہ تفریحی الاؤنس دیا جاتا ہے، نائب کپتان کو اس مد میں ہر ہفتے100ڈالر ملیں گے۔ اگر کوئی میچ منسوخ ہو جائے اور کوئی گیند بھی نہیں کی گئی ہو تب بھی کھلاڑیوں کو فیس کا 50 فیصد حصہ دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اظہرعلی، فہیم اشرف، فخرزمان، فواد عالم، شاداب خان اوریاسرشاہ کوبی میں رکھا گیا ہے، عابد علی، امام الحق، حارث رؤف، محمد حسنین، محمد نواز، نعمان علی اورسرفراز احمد سی کیٹیگری میں ہیں، عمران بٹ، شاہنوازدھانی اورعثمان قادر کو ایمرجنگ میں جگہ دی گئی تھی۔

بورڈ نے اے، بی اور سی کیٹیگری کی ماہانہ ریٹینر شپ فیس 25 فیصد بڑھا دی تھی جبکہ ایمرجنگ کو15 فیصد انکریمنٹ ملا۔ ای، بی اور سی کیٹیگریز کی ماہانہ ریٹینر شپ فیس بالترتیب تقریباً13 لاکھ75 ہزار،9 لاکھ 37 ہزار 500،6 لاکھ 87 ہزار 500 ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں