
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقے بدستور بحیرہ عرب میں موجود طوفان ' شاہین' کے زیر اثر ہیں، لسبیلہ، گوادر، آواران، جیونی اور اورماڑا میں مسلسل دوسرے روز کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں نے بھی عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے گر گئے ہیں جس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے، اس کے علاوہ ساحل پر موجود کشتیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 'شاہین ' سے متعلق ساتواں الرٹ جاری کردیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ عرب کے شمال مغرب میں موجود شدید سمندری طوفان کراچی کے مغرب سے 470 کلومیٹر دور جب کہ اوڑماڑہ سے 250 اور گوادر سے 125کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، طوفان کے گرد ہواؤں کی رفتار 110 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، سسٹم کے مرکز میں سمندر میں شدید طغیانی ہے، آج شام تک سمندری طوفان مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھے گا، جس کے بعد طوفان کا رُخ دوبارہ تبدیل ہوکر جنوب مغرب میں مسقط عمان کی جانب ہوجائے گا، طوفان کے باعث گوادر، لسبیلہ، آواران، کیچ، خضدار اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں 3 اکتوبر تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جس کی وجہ سے ان علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، تیز ہوائیں کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچاسکتی ہیں، اس لئے تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔