’پینڈورا پیپرز‘ تحقیقات بھی پاناما کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولے گی فواد چوہدری

امیر ملکوں میں دولت چھپانے کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے،فواد چوہدری


ویب ڈیسک October 03, 2021
ہمیں امید ہے کہ ’پینڈورا پیپرز‘ کرپشن کی حوصلہ شکنی کا ایک اور موجب بنیں گی، وفاقی وزیر فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ 'پینڈورا پیپرز' تحقیقات بھی پاناما تحقیقات کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولے گی۔

اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ‏پاناما پیپرز نے دنیا کے بڑے کرپٹ لوگوں کے بیرون ملک چھپائے اثاثوں کو بے نقاب کیا، اب کہا جارہا ہے کہ ICIJ کی ایک اور تحقیق سامنے آرہی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ تحقیقات بھی پاناما تحقیقات کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولے گی اور کرپشن کی حوصلہ شکنی کا ایک اور موجب بنیں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے امیر ملکوں پر زور دیا ہے کہ غریب ملکوں سے چرایا گیا پیسہ امیر ملکوں میں چھپانے کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔ ‏پاناما کی طرح پنڈورا لیکس میں غریب ممالک کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرنے کی تفصیلات آتی ہیں تو اس سے وزیر اعظم عمران خان کے موقف کو مزید تقویت ملے گی۔

واضح رہے کہ تحقیقاتی صحافیوں کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کنسورشیم آف انوسٹی گیٹیو جرنلٹس (آئی سی آئی جے) نے 'پینڈورا پیپرز' کے نام سے نئی تحقیق جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں پاکستان سمیت کئی ممالک کی اہم شخصیات کے مالیاتی راز فاش ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں