شرجیل میمن کے خلاف کارروائی کا فیصلہ قیادت کرے گی منظور وسان

ایسا نہ ہوکہ جیسا حشر نواز شریف کا ہوا تھا ویسا ہی عمران خان کے ساتھ ہو جائے، منظور وسان


ویب ڈیسک October 04, 2021
پینڈورا پیپرز لیکس ہونے کے بعد حکومت کی وضاحتیں آنا کچھ تو دال میں کالا ہے، منظور وسان۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD: صوبائی وزیر منظور وسان کا کہنا ہے کہ شرجیل میمن کا پینڈورا پیپرز میں نام آنے پر کارروائی کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔

اپنی پیش گوئیوں کے حوالے سے مشہور پی پی پی رہنما اور مشیر زراعت سندھ منظوروسان کا کہنا ہے کہ میں نے 5 سال پہلے پیش گوئی کی تھی کہ بیوروکریٹس، سول، جنرل اور سیاسی لوگوں کے احتساب کا سلسلہ چلے گا، پینڈورا پیپرز عمران حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، ایسا نہ ہوکہ جیسا حشر نواز شریف کا ہوا تھا ویسا ہی عمران خان کے ساتھ ہو جائے۔

منظور وسان کا کہنا تھا کہ پینڈورا پیپرز لیکس ہونے کے بعد حکومت کی وضاحتیں آنا کچھ تو دال میں کالا ہے، لیکن یہ طے ہے کہ عمران خان پینڈورا پیپرز میں ملوث وزرا کو فارغ نہیں کریں گے، اور اگر کربھی دیا تو یہ صرف 4 سے 5 روز کے لئے ہوگا، اور پینڈورا پیپرز میں شامل اپنے وزرا کو کلین چٹ دے دیں گے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا نام پینڈورا پیپرز پر آنے کے حوالے سے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن کا پینڈورا پیپرز میں نام آنے پر کارروائی کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں