وزیراعلیٰ بلوچستان کے استعفیٰ کے علاوہ کوئی فیصلہ قبول نہیں ناراض اراکین
اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے ارکان نے شرکت کی
بلوچستان میں بی اے پی کے ناراض ارکان اور اتحادیوں کااجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ میں بلوچستان کے موجودہ سیاسی منظر نامے پر مشاورت کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض ارکان اور اتحادیوں کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے 8، پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے ایک ایک رکن نے شرکت کی۔
اجلاس میں شامل ناراض اراکین کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر مطالبات سے دستبردارہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، ہمیں وزیراعلیٰ کے استعفیٰ کے علاوہ کوئی فیصلہ قبول نہیں، اور اس بات پر ہم سب ساتھی متحد ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے صوبائی وزیر سردار یار محمد رند سے ملاقات کی ہے، جس میں بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔