پی سی بی میں اگر آیا توچیئرمین بن کر ہی آؤں گا راشد لطیف

میں کام کرنا چاہتا ہوں لیکن اس سسٹم میں ایسا ہونا مشکل ہے، راشد لطیف

پی سی بی میں آج مجھے لیں گے تواستعمال کرنے کے بعد میرا حال بھی مصباح کی طرح ہوگا، راشد لطیف فوٹو: فائل

ROME:
راشد لطیف نے بھی چیئرمین پی سی بی سے کم عہدہ قبول کرنے سے انکار کردیا۔


سابق کپتان سے پوچھا گیا کہ آپ پی سی بی میں کوئی ذمہ داری کیوں نہیں سنبھالتے تو ان کا جواب تھا کہ اب میں میڈیا سے وابستہ ہوچکا ہوں، اس لیے بورڈ میں ملازمت کا سوچا بھی نہیں ہے، سابق کپتان نے ازرا ہ مذاق کہا کہ شعیب اختر کہتے ہیں کہ جب آیا تو بطور چیئرمین ہی آؤں گا اسی طرح میں بھی کہتا ہوں کہ سربراہ بن کر ہی آؤں گا، ورنہ کوئی ذمہ داری نہیں لوں گا، میں کام کرنا چاہتا ہوں لیکن اس سسٹم میں ایسا ہونا مشکل ہے۔

راشد لطیف نے کہا کہ مصباح الحق سے پہلے مجھے پیشکش کی گئی تھی، وہ ہیڈ کوچ، بیٹنگ کوچ، چیف سلیکٹر، اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ بنے، 4عہدے ان کے پاس تھے لیکن اب وہ کہیں نہیں ہیں، یہ ہی ہمارے نظام کی خرابی ہے، آج مجھے لیں گے تواستعمال کرنے کے بعد میرا حال بھی مصباح کی طرح ہوگا، ماضی میں 1994 ،1996 اور 2003 میں مجھے استعمال کیا گیا، اس کے بعد فیصلہ کیا کہ اب ایسا نہیں ہونے دوں گا۔
Load Next Story