پنجاب میں سیاحت کے فروغ کیلئے تاریخی و سیاحتی مقامات کی بحالی کے اقدامات

سالٹ رینج کے مختلف علاقوں میں ان دنوں قدیم تاریخی مقامات کی بحالی اورآرائش وتزئین کا کام ہورہا ہے


آصف محمود October 05, 2021
جہلم، چکوال ، خوشاب اورمیانولی میں سیاحتی مقامات کوبحال کیا جارہا ہے فوٹو: فائل

پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے لئے صوبے کے مختلف علاقوں میں پوشیدہ تاریخی اور سیاحتی مقامات کی بحالی اورآرائش وتزئین کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ڈیزرٹ سفاری چولستان اورتھر،ٹورسٹ پولیس کاقیام،سکھوں کے مقدس مذہبی مقامات کی بحالی اورآرائش تزئین،ملتان میوزیم کا قیام سمیت لاہورمیں ویلج ریزارٹس کے قیام سمیت مختلف منصوبوں پرکام ہورہا ہے۔

سالٹ رینج کے مختلف علاقوں میں ان دنوں قدیم تاریخی مقامات کی بحالی اورآرائش وتزئین کا کام ہورہا ہے ،ان میں ہندوؤں کے لئے انتہائی مقدس شری کٹاس راج کے مندر، مقدس غاریں، سکھوں کے اہم مقامات سمیت دیگرآثارشامل ہیں۔ شری کٹاس راج کمپلیکس میں ہندوؤں کے سب سے بڑے دیوتا شیوجی سے منسوب مقدس تالاب سمیت دیگردیوی ،دیوتاؤں کے ساتھ مندر اورشیولنگ رکھاگیا ہے، ان مقامات کی دیکھ بھال اورآرائش وتزئین متروکہ وقف املاک بورڈ کے سپرد ہے تاہم محکمہ سیاحت پنجاب ان مقامات کومذہبی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ڈویلپ کررہا ہے۔

پنجاب میں اس وقت مری اورکوٹلی ستیاں، جہلم،چکوال ، خوشاب اورمیانولی، ساؤتھ پنجاب میں ملتان،بہاولپور،رحیم یارخان اورڈیرہ غازی خان میں سیاحتی مقامات کوبحال کیا جارہا ہے۔ وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے سیاحت آصف محمود نے ایکسپریس ٹربیون کوبتایا کہ رواں مالی سال کے دوران تونسہ ٹوورازم پارک، پنج پیر پہاڑی سلسلہ ویو پوائنٹ، ولیج ریزارٹس لاہور، واٹر اسپورٹس ٹوورازم رحیم یارخان، ڈیزرٹ سفاری چولستان وتھر، ٹورسٹ پولیس کاقیام، ملتان میوزیم کاقیام جبکہ لاہور،ٹیکسلا عجائب گھروں کی تعمیر و آرائش و تزئین سمیت دیگرمنصوبوں پرکام کررہے ہیں تاکہ پاکستان خاص طورپرپنجاب میں سیاحت کوفروغ دیاجاسکے۔ سالٹ رینج میں کئی قدیم تاریخی مقامات ہیں جہاں سیاحوں کی رسائی نہ ہونے کے برابر ہے وہاں تک سڑکوں کی تعمیراورسہولیات کی فراہمی کی جارہی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ٹوورازم ایپ کااجرا،سیاحتی مقامات کی جیوٹیگنگ اور ریزارٹس کی آن لائن بکنگ کاسلسلہ بھی جلد شروع کردیا جائے گا، فورٹ منروریزارٹ کی بحالی، چولستان، چکوال اوردھرابی میں نئے ریزارٹس بنائے جارہے ہیں۔ 4 سرکاری ریسٹ ہاؤس سیاحوں کے لئے دستیاب ہیں۔ نندنافورٹ، اچ شریف کے مزارات،ٹلہ جوگیاں، اورروہتاس قلعہ کے سیاحتی مقامات کی تعمیروبحالی کاعمل جاری ہے۔

لاہورسے تعلق رکھنے والے سیاحت کے شوقین محمدداؤد کہتے ہیں انہوں نے کوروناوبا کے دوران بھی سالٹ رینج اور قلعہ روہتاس کے دورہ کیا ہے، یہ علاقے سیاحوں کے لئے کسی جنت سے کم نہیں ہیں۔ یہ علاقے ہزاروں سال پرانی تاریخ کے گواہ ہیں۔ کئی تہذیبوں کا مرکزرہے ہیں۔ حکومت یہاں جس طر ح ترقیاتی کام کروارہی ہے یقینا اس سے یہاں سیاحوں کی دلچسپی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا حکومت کوچاہیے کہ سلسلہ کوہستان کے دامن میں چھپے قدیم ترین ورثے کودنیا کے سامنے لانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پرکام کرے۔ یہاں ہندواوربدھ مت کے مقدس مقامات بھی ہیں۔

آثارقدیمہ پنجاب کے ڈائریکٹرملک مقصود نے بتایا کہ ہم جن تاریخی مقامات اورآثارکوبحال کررہے ہیں اوران کی آرائش وتزئین کی جارہی ہے۔ ان مقامات کے حوالے سے ایک مستند تاریخی حوالے بھی ان مقامات پرلگائے گئے بورڈز پر لکھے جارہے ہیں تاکہ یہاں آنیوالے سیاح ان سے متعلق جان سکیں۔

لاہورسے تعلق رکھنے والی شمائلہ عمیرکہتی ہیں حکومت کوچاہیے کہ سیاحتی مقامات کی سیرکے لئے محکمہ سیاحت سستے تفریحی ٹوور ارینج کرے کیونکہ ہرفیملی کے پاس خود کی گاڑی نہیں ہوتی ہے، جبکہ پرائیویٹ ٹوورآپریٹربہت مہنگے ہیں۔ اگرمحکمہ سیاحت تفریح ٹوورارینج کرے گاتواس سے شہریوں کوسستی تفریح میسرآئیگی اورتحفظ کابھی احساس رہیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں