مقامی عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض ٹریفک وارڈن سے جھگڑے اور کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں گرفتار عمر اکمل کی ضمانت منظور کرلی۔
کرکٹر عمراکمل ضمانت کے لئے ماڈل ٹاؤن کچہری میں ڈیوٹی مجسٹریٹ شوکت جاوید کی عدالت میں پیش ہوئے، عمر اکمل کے وکیل نے جج کے سامنے موقف اختیار کیا کہ ان کے وکیل قومی کرکٹر ہیں جس پر فاضل جج نے کہا کہ ان کے موکل قومی کرکٹر ہیں لیکن قانون ملک کے ہر شہری کے لئے برابر ہے۔
ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد پولیس کی جانب سے ریکارڈ پیش کئے جانے کے بعد ان کی ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی تو ان کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عمراکمل کے ساتھ سازش کی گئی ہے جس کے محرکات جلد سامنے آجائیں گے، عدالت سے درخواست ہے کہ وہ عمر اکمل کی ضمانت منظور کرے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد عمر اکمل کی ضمانت ایک لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض منظور کرلی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے بعد عمراکمل کو حراست میں لے لیا گیا تاہم رات گئے انہیں شخصی ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔