وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کو مستعفی ہونے کےلیے کل تک کی مہلت

جام کمال نے کل تک استعفیٰ نہیں دیا تو تحریک عدم اعتماد سمیت دیگر آپشنز پر غور کریں گے، صوبائی وزرا


ویب ڈیسک October 05, 2021
جام کمال نے کل تک استعفیٰ نہیں دیا تو تحریک عدم اعتماد سمیت دیگر آپشنز پر غور کریں گے، صوبائی وزرا

صوبائی وزرا سمیت ناراض اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کو مستعفی ہونے کےلیے کل شام 6 بجے تک کی مہلت دے دی۔

بلوچستان اسمبلی میں صوبائی وزرا سمیت ناراض اراکین اسمبلی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال پر بی اے پی (باپ پارٹی) کے 11 اور چند اتحادی اراکین نے عدم اعتماد کا اظہار کیا، جس کی وجہ صوبے میں بڑھتی ہوئی بے چینی ہے، ہم نے وزیراعلیٰ کو مستعفی ہونے کے لیے 2ہفتوں کا وقت دیا تھا، لیکن انہوں نے استعفیٰ دینے کی بجائے سوشل میڈیا پر ہمارے درمیان اختلافات کا تاثر دینے کی کوشش کی۔

صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی نے کہا کہ ہم تحریک عدم اعتماد کی صورت میں اسمبلی جائیں اس سے بہتر ہے کہ وزیراعلیٰ خود ہی فوری استعفیٰ دیں۔ رکن اسمبلی نصیب اللہ مری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ استعفی دیں آئندہ وزیراعلیٰ بی اے پی سے ہی ہوگا۔

صوبائی وزیر اسد بلوچ نے کہا کہ وزیراعلیٰ اپنے اتحادیوں کے ساتھ وعدوں پر پورا نہیں اترے، انہوں نے خود کو عقل کل سمجھا ہماری کسی بات کو خاطر میں نہیں لائے، وہ عہدے سے چمٹے رہنے پر بضد ہیں لیکن اراکین کا اعتماد انہیں حاصل نہیں رہا، جام کمال کو کل شام 6بجے تک کا وقت دیتے ہیں، کل تک استعفیٰ نہیں دیا تو تحریک عدم اعتماد سمیت دیگر آپشنز پر غور کریں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں