ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان کوہتھیاروں کی آزمائش کا موقع مل گیا

پاکستان ورلڈکپ سے قبل18اکتوبر کو ویسٹ انڈیز جب کہ 20 تاریخ کو پروٹیز سے وارم میچز کھیلے گا


Sports Desk October 07, 2021
پاکستان ٹیم کو وارم اپ میچز میں مضبوط حریفوں کا سامنا ہوگا فوٹو : فائل

SINGAPORE: ورلڈکپ سے قبل پاکستان کو ہتھیاروں کی آزمائش کا بھرپور موقع مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز کا شیڈول فائنل کرلیا ہے، ایونٹ میں براہ راست انٹری پانے والی 8 ٹیموں کو 2،2میچز میں میگا ایونٹ کیلیے تیاریوں کی جانچ کا موقع ملے گا، یہ میچز 18 اور 20 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان ٹیم کو وارم اپ میچز میں مضبوط حریفوں کا سامنا ہوگا،نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے آخری لمحات میں ٹورز ختم کرنے کی وجہ سے گرین شرٹس سے ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع چھن گیا تھا، البتہ ٹورنامنٹ سے قبل طاقتور حریفوں سے میچز میں اپنے ہتھیاروں کی آزمائش کا بھرپور موقع میسر آئے گا۔

کھلاڑی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو پائیں گے اور ٹیم مینجمنٹ کو شوپیس ایونٹ کیلیے حکمت عملی تیار کرنے میں بھی مدد ملے گی۔18 اکتوبرکو پاکستان ٹیم دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز سے ٹکرائے گی جسے بہترین ہارڈ ہٹرز اور مختصر فارمیٹ کے اسپیشلسٹ کرکٹرز کا ساتھ حاصل ہے۔

اسی روز دیگر وارم اپ میچز میں افغانستان کا سامنا جنوبی افریقہ،آسٹریلیا کا نیوزی لینڈ اور بھارت کا انگلینڈ سے ہوگا۔ 20 اکتوبر کو گرین شرٹس کی آزمائش جنوبی افریقہ سے مقابلے میں ہوگی، دیگرپریکٹس میچز میں انگلینڈ کا سامنا نیوزی لینڈ سے ہوگا، بھارت کی ٹیم آسٹریلیا سے ٹکرائے گی، افغانستان کا میچ ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق کا حامل اسپورٹس چینل بھارت کے دونوں پریکٹس میچز براہ راست نشر کرے گا، بھارتی کرکٹ کے بھی براڈکاسٹنگ رائٹس اسی کے پاس ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں