بی جے پی آریان خان کو جھوٹے مقدمے میں پھنسا رہی ہے کانگریس رہنما

گرفتاری کے وقت جس شخص کو آریان کے ساتھ دیکھا گیا اس کے بی جے کےکیساتھ روابط ہیں، کانگریس رہنما


ویب ڈیسک October 07, 2021
جو شخص آریان کے ساتھ موجود تھا اس نے گرفتاری کے بعد آریان کے ساتھ سیلفی بھی لی تھی، کانگریس رہنما فوٹو بھارتی میڈیا

بھارتی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے کارکن نواب ملک نے کہا ہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جارہا ہے۔

بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے شواہد پیش کیے جس میں انہوں نے الزام لگایا ہے کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جارہا ہے اور این سی بی کے ذریعے مقدمے میں ہیرا پھیری کی جارہی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران کابینہ کے وزیر اور نیشنلسٹ کا نگریس پارٹی کے چیف ترجمان نواب ملک نے کہا 2 اکتوبر کی رات جب بحری جہاز پر این سی بی نے چھاپہ ماراتھا اس وقت آریان خان اور ارباز مرچنٹ کو دو نامعلوم افراد کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ان دونوں افراد کے بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر کارکنوں کے ساتھ روابط ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان منشیات کیس میں گرفتار

پریس کانفرنس کے دوران نواب ملک نے دو ویڈیوز میڈیا کے ساتھ شیئر کیں جن میں ایک شخص کو آریان کے ساتھ این سی بی کے آفس جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ دوسرا شخص ارباز مرچنٹ کے ساتھ موجود ہے۔ جو شخص آریان کے ساتھ موجود تھا اس نے گرفتاری کے بعد آریان کے ساتھ سیلفی بھی لی تھی۔



کانگریس کے ترجمان نواب ملک نے پریس کانفرنس کے دوران ایک پریزینٹیشن بھی پیش کی جس میں انہوں نے ان تمام شواہد کو دکھایا جو انہوں نے پیش کیے تھے۔ نواب ملک نے کہا گرفتاری کے بعدایک نامعلوم شخص نے آریان کے ساتھ سیلفی لی تھی جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ این سی بی نے اس شخص کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا تعلق ایجنسی سے نہیں ہے۔ ہم نے اس شخص کا سراغ لگایا جس سے معلوم ہوا کہ اس شخص کا تعلق بی جے پی سے ہے اور یہ ایک پرائیویٹ جاسوس ہونے کا دعویدار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو 20 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے

ترجمان نواب ملک نے مزید کہا کہ جس شخص کو آریان کے ساتھ دیکھا گیا اس کا نام کے پی گوساوی ہے اور جو ارباز مرچنٹ کے ساتھ تھا وہ منیش بھانوشالی ہے اور یہ دونوں بی جے پی کے نمائندے ہیں۔ ان کے بی جے پی رہنماؤں اور نریندر مودی کے ساتھ تصاویر بھی موجود ہیں۔

دوسری جانب نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے الزامات پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آریان اور ارباز کے ساتھ موجوددونوں افراد آزاد گواہ ہیں۔ اس کے علاوہ این سی بی نے اس معاملے میں مزید کوئی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: آریان خان کی گرفتاری کے دوران ہنستے ہوئے تصویر وائرل

واضح رہے کہ این سی بی نے 2 اکتوبر کی رات ممبئی کے ساحل پر موجود ایک بحری جہاز پر منعقد ہونے والی پارٹی پر اچانک چھاپہ مارکر بھاری تعداد میں منشیات برآمد کی تھی۔اور منشیات استعمال کرنے کے جرم میں کئی لوگوں کو گرفتار بھی کیا تھا۔ بحری جہاز پر شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان بھی موجود تھا۔

تاہم آریان کو چھاپے کے دوسرے دن 3 اکتوبر کو اس کے خلاف جمع ہونے والے شواہد کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اسے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے آریان کو 7 اکتوبر تک این سی بی کی تحویل میں بھیج دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |